جمعه,  28  اگست 2026ء
بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب

مظفرآباد(روشن پاکستان نیوز) مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے۔ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار مختار احمد خان عباسی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ہم نیوز کے مطابق کل 46 ووٹوں میں سے 44 ووٹ پول ہوئے، مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر افتخار گیلانی نے 30 جبکہ پیپلز پارٹی کے سردار مختار احمد عباسی نے 14 ووٹ حاصل کئے ۔

آزاد کشمیر کے 17 ویں وزیر اعظم کی حلف برداری کی تقریب شام 7 بجے ایوانِ صدر مظفرآباد میں منعقد ہوگی جس کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

قبل ازیں ووٹ نہ دینے کے فیصلے کے باوجود راجہ فاروق حیدر کی افتخار گیلانی کے ہمراہ اسمبلی آمد سیاسی حلقوں کی توجہ کا مرکز بن گئی،نامزد قائدِ ایوان بیرسٹر افتخار گیلانی سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کو ہمراہ لے کر اسمبلی پہنچے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی افتخار گیلانی کو وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہونے پر مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو آزاد جموں و کشمیر کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی فتح کا سہرا قائد نواز شریف اور پارٹی کارکنان کی محنت کو جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ امید ہے بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی، آزاد جموں و کشمیر میں جمہوری عمل کا تسلسل بھی خوش آئند ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی حکومت عوامی مسائل کے حل اور خطے کی ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی۔

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں اختلافات

وزیر اعظم کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) میں اختلافات کھل کر سامنے آئے، صدرمسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر اور سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے افتخار گیلانی کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ۔یاد رہے اس سے قبل شاہ غلام قادر مسلم لیگ (ن( کی طرف سے وزیر اعظم آزاد کشمیر کے امیدوار تھے۔مگرآخری وقت میں بیرسٹر افتخار گیلانی کو نامزد کردیا گیا۔

اس حوالے سے  نو منتخب ممبر اسمبلی ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی صفوں میں مکمل اتحاد ہے، میاں نواز شریف کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی قیادت پر مسلم لیگ (ن) میں کبھی دراڑ نہیں پڑی، مسلم لیگ میں چھوٹے موٹے گلے شکوے ہو سکتے ہیں، جماعت میں اختلاف نہیں، جب جماعت کی بات آتی ہے تو مسلم لیگ متحد ہو جاتی ہے۔ مسلم لیگ کی قیادت اور جماعت کے فیصلوں پر سب ایک پیج پر ہیں۔

میاں نواز شریف کے فیصلے کو مسلم لیگ کے تمام ارکان تسلیم کرتے ہیں، کوئی ایسی دراڑ نہیں جو جماعتی اتحاد کو متاثر کرے،اختلافات کی باتیں بے بنیاد ہیں۔

بیرسٹر افتخار گیلانی کون ہیں؟

بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کی سیاست میں مسلم لیگ (ن) کے تجربہ کار رہنما ہیں۔ وہ 2011 اور 2016 میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ 2016 کے انتخابات کے بعد انہیں آزاد کشمیر کابینہ میں وزیر تعلیم کی ذمہ داری بھی سونپی گئی تھی۔

2026 کے حالیہ عام انتخابات میں افتخار گیلانی نے ایل اے 29 مظفرآباد تھری کی نشست سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیا، تاہم وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار مختار احمد عباسی سے شکست کھا گئے تھے۔

بعد ازاں مخصوص نشستوں کے انتخابات میں انہیں ٹیکنوکریٹ نشست پر مسلم لیگ (ن) کا امیدوار بنایا گیا۔ 24 اگست کو ہونے والے انتخاب میں افتخار گیلانی نے 26 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار صاحبزادہ ذوالفقار علی کو 12 ووٹ ملے۔

یوں عام انتخابات میں شکست کے چند ہفتے بعد افتخار گیلانی دوبارہ قانون ساز اسمبلی کا حصہ بنے اور انہیں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا گیا۔

مزید خبریں