حافظ آباد (شوکت علی وٹو): حافظ آباد سمیت ضلع بھر اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہری شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔ بالخصوص رات کے اوقات میں بار بار بجلی بند ہونے سے شہریوں کی نیند متاثر ہو رہی ہے۔کمپلیکس فیڈر حافظ آباد نمبر 3 سمیت مختلف فیڈرز پر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ کمپلیکس فیڈر حافظ آباد نمبر 3 پر رات تقریباً سوا 2 بجے سے سوا 3 بجے تک بجلی کی بندش نے گھریلو صارفین کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مون سون کے باعث شدید گرمی اور حبس کے موسم میں دن کے ساتھ ساتھ رات کے اوقات میں بھی بارہا بجلی بند کر دی جاتی ہے، جس سے خصوصاً بچوں، بزرگوں اور گھریلو صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ رات 10 بجے سے صبح 8 بجے تک غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم کیا جائے تاکہ شہری پرسکون نیند لے سکیں۔دوسری جانب ایکسیئن واپڈا کے مطابق بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ان کے،اختیار میں نہیں، جس پر شہریوں نے اعلیٰ حکام،کوارڈینیٹر وزیرِاعلیٰ پنجاب و ایم این اے سائرہ افضل تارڑ سے فوری نوٹس لینے اور رات کے اوقات میں بجلی کی بلاجواز بندش ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔











