اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد کے علاقے شہزاد ٹاؤن میں بیوہ خاتون کے گھر سے لاکھوں روپے مالیت کا سولر سسٹم، انورٹر، بیٹریاں اور دیگر سامان چوری ہونے کے واقعے میں پولیس نے بالآخر مقدمہ درج کر لیا، تاہم متاثرہ خاتون کے مطابق ایف آئی آر کے اندراج کے باوجود تاحال عملی کارروائی آگے نہیں بڑھ سکی۔
متاثرہ خاتون کے مطابق چوری کا واقعہ 27 اور 28 جولائی 2026 کی درمیانی شب پیش آیا، جب نامعلوم چور مبینہ طور پر گھر میں داخل ہوئے اور چھت پر نصب سولر سسٹم، انورٹر، دو بڑی بیٹریاں اور دیگر قیمتی سامان کھول کر لے گئے۔
خاتون کا کہنا ہے کہ واقعے کے فوری بعد انہوں نے پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی اور پولیس سے قانونی کارروائی کی درخواست کی، تاہم ابتدائی طور پر مقدمہ درج کرنے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں متاثرہ خاتون کی درخواست پر ایف آئی آر درج کر لی گئی۔
متاثرہ بیوہ کا مؤقف ہے کہ مقدمہ درج ہونے کے باوجود پولیس کی جانب سے چوروں کی گرفتاری، چوری شدہ سامان کی برآمدگی اور شواہد اکٹھے کرنے کے حوالے سے مؤثر پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
شہزاد ٹاؤن میں بیوہ خاتون کا سولر سسٹم چوری، پولیس پر ایف آئی آر درج نہ کرنے کا الزام
خاتون نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس فوری طور پر موقع سے متعلق شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرے، مشتبہ افراد کا سراغ لگائے اور چوری شدہ سولر سسٹم و دیگر سامان برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرے۔
متاثرہ خاتون نے اعلیٰ پولیس حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تفتیش کی نگرانی کریں تاکہ ایف آئی آر محض کاغذی کارروائی تک محدود نہ رہے بلکہ ملزمان کے خلاف عملی قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے۔
شہری حلقوں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ رہائشی علاقوں میں بڑھتی ہوئی چوری کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے پولیس گشت مؤثر بنایا جائے اور ایسے مقدمات میں فوری تفتیش اور ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔











