واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکی سینیٹ کے ری پبلکن رکن لنڈسے گراہم چل بسے، ان کے دفتر نے اتوار کی صبح ان کی وفات کی تصدیق کی۔
لنڈسے گراہم 2003 میں سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے اور وہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی سیاسی اتحادیوں میں شمار ہوتے تھے، ان کے دفتر کے مطابق وہ ہفتہ کی رات مختصر اور اچانک بیماری کے باعث انتقال کر گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ سینیٹر گراہم کے اہل خانہ نے اس مشکل وقت میں دعاؤں کی اپیل کی ہے اور نجی زندگی کا احترام کرنے کی درخواست کی ہے۔
71 سالہ لنڈسے گراہم سینیٹ کی بجٹ کمیٹی کے چیئرمین تھے اور نومبر میں سینیٹ کی پانچویں چھ سالہ مدت کے لیے انتخاب لڑنے کی تیاری کر رہے تھے، وہ امریکی سینیٹ کے نمایاں ترین ارکان میں شامل تھے اور دفاعی امور اور بین الاقوامی معاملات پر اپنی جماعت کی ایک اہم آواز سمجھے جاتے تھے۔
رپورٹس کے مطابق ہفتہ کی رات گراہم کی کیپیٹل ہل رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑنے کی اطلاع پر ہنگامی امدادی عملہ پہنچا۔
پولیس مواصلاتی ریکارڈ کے مطابق واقعے کے بعد طبی اہلکاروں نے ایک شخص کو اسٹریچر پر گھر سے نکال کر ایمبولینس تک پہنچایا، جبکہ پولیس کی گاڑیاں اور فائر ٹرک بھی موقع پر موجود تھے۔











