جمعرات,  02 جولائی 2026ء
کبابش آرٹس کونسل کے زیرِ اہتمام چوہدری فاروق جاوید کے اعزاز میں شاندار عشائیہ

جدہ (آفتاب ترابی) جدہ میں محبت، اخوت، ادب اور پاکستانی ثقافت کے رنگوں سے سجی ایک یادگار شام اس وقت رقم ہوئی جب کبابش آرٹس کونسل کے صدر، ممتاز شاعر آفتاب ترابی اور چیئرمین ملک علی خورشید کی جانب سے لاہور کی معروف فرم CFJ Architects Design & Construction (DHA Phase-6) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، برٹش امریکن کمپنی میں 26 برس تک بطور منیجر خدمات انجام دینے والے ممتاز سماجی، ادبی اور کاروباری شخصیت چوہدری فاروق جاوید کے اعزاز میں ایک شاندار اور پرتکلف عشائیہ منعقد کیا گیا۔

اس باوقار تقریب میں جدہ کی پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز سماجی، ادبی، کاروباری اور سیاسی شخصیات نے بھرپور شرکت کی، جس سے یہ محفل صرف ایک عشائیہ نہیں بلکہ محبت، دوستی، ادب اور قومی یکجہتی کی ایک خوبصورت علامت بن گئی۔

مہمانانِ اعزاز میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سرپرستِ اعلیٰ مسعود احمد پوری، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین چوہدری محمد اکرم گجر اور معروف بزنس مین عادل خورشید ملک شامل تھے۔

تقریب کا آغاز قاری ریان متیال کی پُرسوز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا، جبکہ نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے معروف شاعر آفتاب ترابی نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کرکے محفل کو روحانی رنگ عطا کیا۔

استقبالیہ خطاب میں چیئرمین کبابش آرٹس کونسل ملک علی خورشید نے مہمانِ خصوصی سمیت تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ ایسی ادبی اور سماجی محفلیں پاکستانی کمیونٹی کو مزید قریب لانے کا ذریعہ بنتی رہیں۔

اپنے خطاب میں مسعود احمد پوری نے جدہ میں چوہدری فاروق جاوید کے ساتھ گزرے ہوئے برسوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ کمیونٹی کے مسائل کو اپنا مسئلہ سمجھا، بے شمار پاکستانیوں کی دل کھول کر مدد کی اور اپنی عملی زندگی میں خدمتِ خلق کو شعار بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی شخصیات بیرونِ ملک پاکستان کا روشن چہرہ ہوتی ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین چوہدری محمد اکرم گجر نے کہا کہ چوہدری فاروق جاوید ایک سچے، مخلص اور محبِ وطن پاکستانی ہیں، جنہوں نے نہ صرف ہزاروں پاکستانیوں کو روزگار فراہم کیا بلکہ ہر ضرورت مند کی بلاامتیاز مدد کی۔

انہوں نے اس موقع پر جدہ میں قائم ہونے والے پاکستان یکجہتی فورم کی تاریخ بھی بیان کی، جس نے مختلف سیاسی اور فکری مکاتبِ فکر کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس پلیٹ فارم کے قیام میں ، ملک خورشید سلطان (مرحوم )جوکہ کبابش ریسٹورنٹ اور بیرو کمپنی کے مالک ہیں ، چوہدری محمد اکرم گجر، چوہدری جعفر، چوہدری ریاض گھمن، صدیقی صاحب، گلاب خان، فدا حسین، مسعود احمد پوری، چوہدری فاروق جاوید اور دیگر احباب کا نمایاں کردار رہا، جن کا مقصد صرف ایک تھا: پاکستانیت کا فروغ اور پاکستانی کمیونٹی کی خدمت۔

چوہدری محمد اکرم گجر نے عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر چوہدری فاروق جاوید کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی مزید کامیابیوں اور صحت و سلامتی کے لیے دعا بھی کی۔

محفل کا ایک خوبصورت پہلو اس وقت سامنے آیا جب معروف شاعر آفتاب ترابی نے مہمانِ خصوصی کی خدمات کے اعتراف میں اپنی خوبصورت نظم پیش کی، جسے حاضرین نے بھرپور داد سے نوازا۔چند اشعار سماعتوں کی نظر

ایثار و محبت بھرا انسان ھے فاروق
اقدار و روایات کی پہچان ھے فاروق
جدہ کی محافل میں ہمیشہ یہ سنا ھے
ہر شخص یہ کہتا ھے مری جان ھے فاروق

اک دوست وفادار تو نعمت ھے خدا کی
احباب پہ اللہ کا احسان ھے فاروق

صحراوں میں مل بیٹھیں تو گلشن کا گماں ھو
سب دوست اگر پھول ہیں گلدان ھے فاروق
آفتاب ترابی

بعدازاں چوہدری فاروق جاوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب گفتگو کے ساتھ شعر بھی شامل ہوجائیں تو محفل واقعی گلزار بن جاتی ہے۔ انہوں نے آفتاب ترابی کی محبت اور ادبی شخصیت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے یہ اشعار سنائے:

مدتوں بعد یہ لمحے نصیب ہوئے
دوستی کے رشتے پھر قریب ہوئے

اہلِ دل، اہلِ سخن، اہلِ وفا کی بزم میں
ترابی اپنے خُلق سے، گفتار سے آفتاب ہوئے

انہوں نے کبابش آرٹس کونسل، بالخصوص ملک علی خورشید اور آفتاب ترابی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اعلیٰ معیار کے انتظامات اور ممتاز شخصیات کی موجودگی سے اس محفل کو یادگار بنا دیا۔

تقریب میں چوہدری عبدالوحید، اکرم اسد، چوہدری آصف، میاں عامر شہزاد (سابق چیئرمین پاکستان ایمبیسی اسکول العزیزیہ)، میاں رضوان الحق، چیئرمین پاک سعودی فرینڈشپ فورم چوہدری خالد رشید، محمد وسیم خان، ریاض شاھین آفریدی سابق صدر پی ٹی آئ ،راجہ آحسن رفیق (کبابش آرٹ کونسل کے جائنٹ سیکرٹری) نعیم فاروق اور دیگر معزز شخصیات بھی شریک تھیں۔

اپنے اختتامی کلمات میں چوہدری فاروق جاوید نے دوستوں کی محبتوں کا منظوم انداز میں شکریہ ادا کرتے ہوئے یہ اشعار پیش کیے، جنہوں نے محفل کو جذباتی اور یادگار رنگ عطا کردیا:

دوستی کیا ہے اسے سب پہ عیاں کرتے ہیں
آؤ کچھ خوبیاں یاروں کی بیاں کرتے ہیں

دوستی ایک حسین جذبۂ انسانی ہے
دوستی میں تو محبت کی فراوانی ہے

دوست وہ ہیں کہ جو جذبات سمجھ لیتے ہیں
دل کے اندر کی بھی ہر بات سمجھ لیتے ہیں

ساتھ رہتے ہیں تو کچھ ایسی دوا دیتے ہیں
سارے دکھ درد کو پل بھر میں بھلا دیتے ہیں

جو کہ لازم نہ ہو وہ حق بھی ادا کرتے ہیں
دوست کچھ بھائی سے بڑھ کر بھی ہوا کرتے ہیں

تقریب کے اختتام پر مہمانوں کی پرتکلف عشائیے سے تواضع کی گئی۔ بلاشبہ یہ شام صرف ایک دعوت نہیں بلکہ محبت، خلوص، دوستی، ادب اور پاکستانی روایات کی ایک خوبصورت تصویر تھی، جسے شرکاء طویل عرصے تک یاد رکھیں گے۔

مزید خبریں