مدینہ منورہ (روشن پاکستان نیوز) عالمی حلقۂ فکروفن کی جانب سے سعودی عرب کی معروف صحافتی تنظیم پاک میڈیا فورم کے اراکین اور پاکستان سے آئے ہوئے پیپلز پارٹی لیبر ونگ کے سابق صدر اشرف خان کے اعزاز میں ایک پُروقار ظہرانے کا اہتمام کیا گیا تقریب میں پاک سعودی تعلقات کو اجاگر کرنے اور اوورسیز پاکستانیوں کی مؤثر ترجمانی پر پاک میڈیا فورم کے کردار کو سراہا گیا۔
مدینہ منورہ میں منعقدہ ظہرانے میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے اشرف خان، حاجی خورشید شیرزادہ اور آفتاب ترابی نے کہا کہ پاک میڈیا فورم سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی آواز بن کر مثبت صحافت اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس موقع پر پاک میڈیا فورم کے عہدیداران الیاس رحیم، ذکاء اللہ محسن، اجمل منہاس اور وقار نسیم وامق نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ فورم کا مقصد پاکستانی کمیونٹی کی نمائندگی، مسائل کی نشاندہی اور پاک سعودی تعلقات کے فروغ میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہے ان کا کہنا تھا کہ فورم ہمیشہ ذمہ دارانہ صحافت اور کمیونٹی سروس کے اصولوں پر کاربند رہے گا۔
اس موقع پر نامور شاعر آفتاب ترابی نے اپنا منتخب کلام پیش کرکے محفل میں سماں باندھ دیا اور شرکائے تقریب سے خوب داد سمیٹی۔ تقریب میں عبید پیرزادہ، تاج خان سمیت دیگر افراد نے بھی شرکت کی۔











