یورپ میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیات پاکستانی معیشت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں، ممتاز زہرا بلوچ
پیرس (نمائندہ خصوصی) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستان بزنس فورم فرانس کی پانچویں سالگرہ اور پاکستان بزنس فورم یورپ کے قیام کا پہلا سال مکمل ہونے پر ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں فرانس سمیت یورپ بھر سے پاکستانی کمیونٹی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ تقریب میں یورپ کے بارہ ممالک سے پاکستان بزنس فورم یورپ کے وفود، کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں اور کمیونٹی رہنماؤں نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ تھیں، جبکہ سابق چیئرمین نادرا ملک طارق اور معروف تجزیہ نگار رحیق عباسی نے بطور خصوصی مہمان شرکت کی۔ تقریب کی نظامت پاکستان بزنس فورم یورپ کے چیف کوآرڈینیٹر صاحبزادہ عتیق الرحمن نے کی۔
تقریب کے آغاز پر چیئرمین پاکستان بزنس فورم یورپ سردار ظہور اقبال اور پاکستان بزنس فورم فرانس و یورپ کے بانی حاجی محمد اسلم چوہدری نے مہمانِ خصوصی سمیت دیگر معزز مہمانوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کرکے خوش آمدید کہا۔
اپنے خطاب میں سفیر پاکستان ممتاز زہرا بلوچ نے پاکستان بزنس فورم فرانس اور پاکستان بزنس فورم یورپ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یورپ میں مقیم پاکستانی تاجر اور کاروباری شخصیات پاکستان کی معیشت، برآمدات اور بین الاقوامی تجارتی روابط کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بزنس فورم فرانس نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران پاکستانی کاروباری برادری کو ایک مؤثر اور متحرک پلیٹ فارم فراہم کیا ہے، جس کے ذریعے پاکستان اور یورپ کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کے استحکام میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
پاکستان بزنس فورم یورپ کے چیئرمین سردار ظہور اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ فورم یورپ اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مسلسل سرگرم عمل ہے اور مستقبل میں سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
پاکستان بزنس فورم یورپ کے صدر مظہر اقبال دیونہ نے کہا کہ یورپی منڈیوں میں پاکستانی تاجروں کے لیے بے شمار مواقع موجود ہیں، جن سے بھرپور استفادے کے لیے منظم اور اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
پاکستان بزنس فورم فرانس کے بانی صدر حاجی محمد اسلم چوہدری نے فورم کے قیام سے لے کر اس کی ترقی تک کے سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے درپیش چیلنجز، مشکلات اور جدوجہد کا تفصیلی ذکر کیا۔
فورم کے جنرل سیکریٹری یاسر خان نے حاضرین کو پاکستان یورپین ایکسپو کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا، جبکہ سینئر نائب صدر ڈاکٹر حمزہ تاج نے یورپ میں سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے نوجوان کاروباری افراد پر زور دیا کہ وہ جدید تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔
معروف تجزیہ نگار رحیق عباسی نے اپنی گفتگو میں تنظیموں کی کامیابی کے لیے اتحاد، خلوصِ نیت اور باہمی تعاون کی اہمیت اجاگر کی، جبکہ سابق چیئرمین نادرا ملک طارق نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی ریاست کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔
پاکستان بزنس فورم کے لیگل سیکریٹری اور تقریب کے آرگنائزر سلمان اسلم نے فورم کی پانچ سالہ کارکردگی پر جامع بریفنگ دیتے ہوئے مختلف منصوبوں، کامیابیوں اور مستقبل کے اہداف سے شرکاء کو آگاہ کیا۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان بزنس فورم فرانس کے سرپرستِ اعلیٰ محمد ابراہیم ڈار نے تمام معزز مہمانوں، وفود اور شرکاء کی آمد پر شکریہ ادا کیا، جس کے بعد پاکستان بزنس فورم فرانس کی پانچویں سالگرہ کا خصوصی کیک کاٹا گیا۔











