نئی دہلی(روشن پاکستان نیوز) ایرانی سفارتخانہ نے بھارتی میڈیا کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا جھوٹی اور جعلی خبریں پھیلانا بند کردے۔
تفصیلات کے مطابق ایران نے بھارتی میڈیا کی جانب سے ملک میں راشن کی قلت کے حوالے سے چلائی جانے والی من گھڑت رپورٹس پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے سخت وارننگ جاری کی ہے کہ وہ ایران کے خلاف “فیک نیوز” اور جھوٹا پروپیگنڈا پھیلانا فوری بند کرے۔
نئی دہلی میں قائم ایرانی سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ ایک ہنگامی بیان میں بھارتی میڈیا کی حالیہ رپورٹنگ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایران میں راشن کی قلت سے متعلق چلائی جانے والی تمام رپورٹس سراسر جھوٹ اور بے بنیاد پروپیگنڈے پر مبنی ہیں۔
سفارتخانے نے گودی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا مسلسل غلط رپورٹنگ کر رہا ہے اور اپنے ایران مخالف ایجنڈے کو فروغ دینے کے لیے جان بوجھ کر غیر معتبر اور مشکوک ذرائع کا استعمال کر رہا ہے، جو کہ صحافتی اصولوں کے خلاف ہے۔
اسلام آباد مفاہمتی یادداشت حتمی مرحلے کے قریب پہنچ گئی، ایران
ایرانی سفارتخانے نے واضح کیا کہ ایرانی صدر کی مضبوط قیادت میں ملک بھر میں تمام بنیادی اور ضروری اشیاء کی سپلائی نہ صرف مکمل طور پر بحال ہے بلکہ انتہائی مستحکم بھی ہے، ملک میں کسی قسم کی کوئی قلت نہیں ہے اور عوام کو تمام تر سہولیات میسر ہیں۔
سفارتخانے نے بھارتی میڈیا ہاؤسز کو سخت ہدایت کی ہے کہ وہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی من گھڑت اور دشمنی پر مبنی خبریں نشر کرنے سے قبل حقائق کی تصدیق کریں اور ایسے غیر معتبر ذرائع پر انحصار کرنا بند کریں جن کا مقصد صرف خطے میں سنسنی پھیلانا اور ایران کے تشخص کو نقصان پہنچانا ہے۔











