اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) مغربی ہواؤں کے زیراثر آج سے تیرہ جون تک ملک کے متعدد علاقوں میں شدید آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر اور محکمہ موسمیات نے مغربی ہواؤں کے زیرِ اثر آج سے 13 جون تک ملک کے متعدد علاقوں میں شدید آندھی، مٹی کے طوفان، تیز جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
بعض مقامات پر شدید ژالہ باری ، ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب اور خیبر پختونخوا نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔
11 سے 13 جون کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، جہلم، چکوال، لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، بھکر، لیہ، سیالکوٹ، نارووال اور جھنگ سمیت بیشتر اضلاع میں تیز آندھی اور بارش کا امکان ہے۔ خصوصاً 12 جون کو اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید جھکڑ چلنے کی پیشگوئی ہے۔
خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر: چترال، سوات، دیر، پشاور، کوہاٹ، بنوں اور ڈی آئی خان سمیت کے پی کے مختلف اضلاع، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
آزاد کشمیر انتخابی ڈیوٹی سے انکار پر اسلام آباد پولیس کا اہلکار برطرف
11 سے 13 جون کے دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ اور میرپورخاص میں شدید آندھی اور مٹی کے طوفان کی پیشگوئی ہے تاہم آج سندھ کے جنوبی اور ساحلی علاقوں میں طوفانی ہواؤں کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
کوئٹہ، زیارت، چمن، سبی، ہرنائی، بارکھان، موسیٰ خیل، سوراب، ژوب، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، خضدار اور گوادر سمیت بیشتر اضلاع میں طوفانی ہوائیں چلنے کا الرٹ ہے۔ آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کے ساتھ تیز جھکڑ چلیں گے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق، تیز ہواؤں اور گرد آلود طوفان کے باعث حدِ نگاہ میں شدید کمی آ سکتی ہے جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اس کے علاوہ کمزور تعمیرات، کچے مکانات اور دکانوں کے تھڑوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، شاہراہوں پر لگے بڑے سائن بورڈز، درخت اور بجلی کے پول گر سکتے ہیں اور مواصلاتی نظام اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا شدید خطرہ ہے۔
حکومتی اداروں نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شدید ہواؤں اور طوفان کے دوران غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں اور ناگزیر صورت میں دورانِ سفر انتہائی احتیاط برتیں۔
اپنے گھروں کی چھتوں پر موجود سولر پینلز، پانی کے ٹینکوں، سائن بورڈز اور دیگر کمزور اشیاء کو فوری طور پر مضبوطی سے باندھیں یا محفوظ بنائیں جبکہ طوفان کے وقت درختوں، بجلی کے تاروں اور سائن بورڈز کے قریب کھڑے ہونے سے پرہیز کریں۔
الرٹ میں کہنا تھا کہ مستند معلومات، لائیو اپڈیٹس اور حفاظتی تدابیر کے لیے حکومت کی آفیشل “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” موبائل ایپ استعمال کریں۔











