کراچی (روشن پاکستان نیوز): شہر قائد میں عید الاضحیٰ کے موقع پر بھی بیش تر علاقوں میں صارفین گیس سے محروم رہے، اور عوام سے ٹیکسز اور بلوں کی بھاری وصولی کے باوجود انھیں گیس نہ ملنے کی شکایت برقرار رہی۔
کراچی کے علاقوں شادمان، یو پی، کیماڑی، جیکسن مارکیٹ، شیریں جناح کالونی میں گیس کی بندش رہی، اختر کالونی، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، نیو کراچی و دیگر علاقوں کے صارفین کو بھی گیس کے حق سے محروم رکھا گیا۔
خیال رہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی) نے بقر عید کے تینوں دن گیس کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا، لیکن کمپنی کی جانب سے عوام کا استحصال عید کے مقدس دن بھی جاری رہا۔
کراچی میں 18 لڑکیوں سے عصمت دری کرنے والا سیریل ریپسٹ گرفتار
صارفین کا کہنا ہے کہ گیس پریشر میں کمی کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ پائپ لائنوں میں گیس ہی غائب ہے، چوں کہ عید کا دن ہے اس لیے گیس کی ضرورت بھی زیادہ ہے، چناں چہ گیس لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے مہنگی ایل پی جی استعمال کرنی پڑ رہی ہے۔
عوام سوال کر رہے ہیں کہ ملک کے سب سے اہم تجارتی شہر میں ایک کمپنی کو عوام کا استحصال کرنے کی اجازت کون دے رہا ہے؟ ٹیکس پر ٹیکس عائد کرنے والی حکومت کہاں ہے؟











