راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز): آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ قوم اور افواج اندرونی و بیرونی چیلنجز کے مدِمقابل بنیان مرصوص کی مانند یکجا ہیں۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیرِ صدارت 275ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوا جس میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جبکہ اس بات اعادہ بھی کیا گیا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں ہمیشہ پاکستان کی قومی سلامتی، اتحاد اور استقامت کی بنیاد بنی رہیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی مسلح افواج کی تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ملک بھر میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر جاری انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں میں کمانڈرز اور فارمیشنزکے عزم، مستعدی اور کامیابی کو سراہا۔
اعلامیے کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ دہشتگرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے، اُن کے معاون انفراسٹرکچر کی تباہی اور پاکستان کی سرزمین کو کسی بھی شر انگیز کارروائی سے روکنے کیلیے موجودہ آپریشنل رفتار برقرار رکھی جائے گی۔
امریکی فوج نے 6 ایرانی کشتیاں تباہ کردیں، میزائل اور ڈرون بھی مار گرائے: کمانڈر سینٹکام
فورم نے آپریشن غضب للحق کے ذریعے دہشتگردوں اور ان کے معاون انفراسٹرکچر کی مسلسل تباہی کا احاطہ کیا اور کہا کہ افغان طالبان رجیم کی غیر منطقی اور گمراہ کن پالیسی کے تحت خوارج اور دیگر دہشتگرد تنظیموں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کی جا رہی ہیں، افغان طالبان رجیم کی دہشتگردی کو سپورٹ افغان عوام کے مفادات کے مکمل برعکس ہے اور یہ رجیم اب اپنے عوام کے سامنے پوری طرح بے نقاب ہو چکا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ فورم نے کہا کہ افغان طالبان رجیم حالیہ دنوں میں ایک مسلسل پروپیگنڈا کے تحت پاکستان پر افغانستان کے اندر شہریوں کو نشانہ بنانے کا جھوٹا الزام لگا رہا ہے، یہ گمراہ کن بیانیہ افغان طالبان رجیم کی ایک منظم ڈس انفارمیشن مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد اپنی اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانا اور خود کو مظلوم پیش کرنے کا ڈرامہ رچانا ہے، پاکستان ان بے بنیاد الزامات کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے اور واضح کرتا ہے کہ ہماری دفاعی کارروائیاں صرف دراندازوں، دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور معان انفراسٹرکچر کے خلاف درست اہداف پر مبنی ہیں۔
فورم نے علاقائی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے واضح کیا کہ ابھرتی ہوئی جیو پولیٹیکل پیشرفت علاقائی استحکام پر گہرا اثر ڈال سکتی ہیں۔
کورکمانڈرز کانفرنس میں علاقائی کشیدگی سے بچاؤ اور تحمل اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا اور کہا گیا کہ پاکستان مسلسل ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطہ میں استحکام کے فروغ اور صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روکنے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ خطہ میں امن اور استحکام کا دارومدار باہمی تحمل، ذمہ داری اور خودمختاری کے احترام پر مبنی ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ’معرکۂ حق‘ کا یادگار سال مکمل ہونے پر قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد پیش کی اور اسے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق قومی اتحاد، اجتماعی عزم اور پاکستان کی خودمختاری کی ہر قیمت پر تحفظ کے غیر متزلزل عہد کی عکاسی کرتا ہے۔
کورکمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ قومی سطح پر معرکۂ حق کی یاد منانا بھارتی متکبرانہ سیاسی سوچ کیلیے واضح پیغام ہے کہ پاکستانی قوم متحد، مضبوط اور ہر لحاظ سے مکمل طور پر تیار ہے،۔
سپہ سالار کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق عوام، حکومت اور افواجِ پاکستان کے درمیان غیر متزلزل ہم آہنگی کی علامت ہے جو تمام اندرونی و بیرونی چیلنجز کے مدِمقابل “بنیانٌ مرصوص” کی مانند یکجا کھڑیں ہیں۔
فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم، ماورائے عدالت قتل اور آبادیاتی تبدیلیوں کی شدید مذمت کی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کیلیے پاکستان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔
کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کمانڈروں کو ہدایت کی کہ وہ ابھرتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر مستعدی اور آپریشنل تیاری کی اعلیٰ سطح کو برقرار رکھیں۔
سپہ سالار نے پیشہ ورانہ مہارت کے تسلسل، مربوط ردِعمل اور روایتی و غیر روایتی دونوں نوعیت کے چیلنجز سے نمٹنے کیلیے پیشگی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔











