منگل,  07 اپریل 2026ء
بارشوں کا نیا سلسلہ: لاہور سمیت ملک بھر میں بارشیں

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز): ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کے بعد مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں مال روڈ، ایبٹ روڈ، ڈیوس روڈ، گڑھی شاہو، جیل روڈ، اپر مال، فیروزپور روڈ، چوبرجی، ساندہ اور گلبرگ سمیت مختلف علاقوں میں بارش کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 16 جبکہ زیادہ سے زیادہ 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، اور بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہ سکتا ہے۔

ملک بھر میں طوفانی بارشیں، کئی مقامات پر سیلابی صورتحال

جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی صبح سے بارش جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔

پنجاب کے دیگر علاقوں جیسے بہاولپور، اوچ شریف اور وہاڑی میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، جبکہ قصور، پھول نگر، میاں چنوں، عبدالحکیم، میکلوڈگنج، چشتیاں، راجن پور اور قائد آباد میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔

ادھر پشاور اور گردونواح میں بھی موسلا دھار بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بارش کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔

مزید خبریں