ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ایران پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے جہاں ہمسایہ ممالک کے خلاف جارہانہ رویہ اپنایا وہیں اسلامی ممالک کے لیے ہمیشہ مشکلات کو بڑھایا ہے۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقدہ علاقائی سلامتی سے متعلق عرب اسلامی وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ ایران نے یمن میں حوثی باغیوں کی حمایت سے لیکر عراقی معاملات میں مداخلت کو فروغ دیا ہے ایران نے شام میں بشارالاسد کی حکومت کو سپورٹ کرکے جرائم میں حصہ لیا لبنان میں سیاست دانوں کے قتل اور عراق میں سیاسی اجارہ داری حاصل کرنے کے لیے اپنے حمایت یافتہ فورسز کا ساتھ دیا۔
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سوال اٹھایا کہ اسلامی دنیا کے حوالے سے ایران کی حمایت کہاں ہے؟ ایران کھوکھلے نعرے لگاتا ہے اور اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہتھیاروں کا استعمال کرتا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایران خلیجی ممالک پر حملے کرکے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور اگر ایران کو یہ لگتا یے کہ خلیجی ریاستیں ایرانی جارحیت کا جواب نہیں دے سکتیں تو یہ اسکی غلط فہمی ہے تاہم ہم سیاسی اور مذاکراتی عمل کو فروغ دینے والی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی پاکستان، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ سے اہم مشاورتی ملاقات

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر پاکستان، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ایک اہم مشاورتی ملاقات کی۔
اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کی، جنہوں نے خطے میں ہم آہنگی کے فروغ اور سفارتی تعاون کے استحکام پر زور دیا۔











