لندن(روشن پاکستان نیوز) برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے نئے سپریم ليڈر مجتبیٰ خامنہ ای 28 فروری کو اسرائیلی حملے میں موت سے بال بال بچے ہيں۔
ٹیلی گراف کے مطابق 28 فروری کو اسرائیلی حملےکے وقت مجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد آیت اللہ خامنہ ای کے ساتھ اسی عمارت میں موجود تھے جہاں ایرانی قیادت کی اہم میٹنگ جاری تھی۔
برطانوی اخبار نے آیت اللہ خامنہ ای کے ہیڈ پروٹوکول کی ایک آڈيو ٹیپ حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے اس آڈیو کی تصدیق بھی کروالی ہے ۔
ٹیلی گراف کے مطابق اس آڈیو میں مظہر حسینی کہہ رہے ہيں کہ مجتبیٰ خامنہ ای حملے سے چند لمحے پہلے ہی کمرے سے اٹھ کر باہر باغیچے میں گئے تھے ، جس کی وجہ سے وہ اس حملے کی شدت سے محفوظ رہے اور صرف ان کی ٹانگ پر زخم آئے ہیں۔
برطانوی اخبار کے مطابق آڈیو میں مظہر حسینی نے مزید کہا کہ اللہ کی مرضی یہی تھی کہ مجتبیٰ خامنہ ای باہر جائيں ، وہ باہر تھے اور سیڑھیاں چڑھ رہے تھے جب عمارت کو میزائل نے ہٹ کیا۔
یاد رہے کہ 28 فروری کے اس حملے میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای شہید ہوگئے تھے ۔











