جمعرات,  19 فروری 2026ء
سحر کامران کا پنجاب حکومت کی پرتعیش طیارہ خریداری اور نجکاری پر سخت ردعمل
سحر کامران کا پنجاب حکومت کی پرتعیش طیارہ خریداری اور نجکاری پر سخت ردعمل

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی نجکاری اور پنجاب حکومت کی جانب سے مبینہ طور پر گلف اسٹریم طیارہ خریدنے کے معاملے پر سیاسی درجہ حرارت بڑھ گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پنجاب حکومت کا مذکورہ جیٹ طیارہ تقریباً 10.6 سے 11.7 ارب روپے (38 سے 42 ملین ڈالر) میں خریدا گیا، جس کی مالیت بعض اندازوں کے مطابق قومی ایئرلائن کی نجکاری سے حاصل ہونے والی تقریباً 10 ارب روپے کی ابتدائی رقم کے برابر یا اس سے بھی زیادہ بنتی ہے۔

قومی ایئرلائن کے 75 فیصد حصص کی فروخت عارف حبیب گروپ کی قیادت میں قائم ایک سرمایہ کار اتحاد کو 135 ارب روپے کے مجموعی معاہدے کے تحت کی گئی، جبکہ باقی رقم ادارے کی بحالی اور دیگر مالی ضروریات کے لیے مختص کی گئی ہے۔

رمضان میں اتحاد و یگانگت کو فروغ دینا ہوگا، سحر کامران

پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ اعداد و شمار درست ہیں تو یہ ایک اہم سوال کو جنم دیتا ہے کہ کیا ایک پرتعیش طیارہ قومی اثاثے کی فروخت سے حاصل ہونے والی فوری رقم سے زیادہ مالیت رکھتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ اس خریداری اور نجکاری کے مالی معاملات پر عوام کو مکمل آگاہی فراہم کرے۔

سحر کامران نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے پر پارلیمان میں تفصیلی بریفنگ دی جائے تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ قومی وسائل کس ترجیح کے تحت خرچ کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی حالات میں شفافیت اور جوابدہی نہایت ضروری ہے۔

دوسری جانب حکومتی حلقوں کی طرف سے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔ سیاسی اور عوامی سطح پر بحث جاری ہے اور مزید وضاحت کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں