ریاض (وقار نسیم وامق) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ آئندہ پاکستانی معیشت میں ہماری دفاعی صلاحیت کا بہت بڑا کردار ہوگا اور پوری دنیا پاکستان کی دفاعی صلاحیت سے نا صرف واقف ہوچکی ہے بلکہ اس کے حصول کے لیے بھی کوشاں ہے اور پاکستان کو اس اعتبار سے بڑے آرڈرز مل رہے ہیں۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں ورلڈ ڈیفنس شو کے موقع پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف پاکستانی اسلحہ ساز کمپنیوں کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا دورہ کرنے کے لیے پہنچے جہاں انہوں نے مختلف اسٹالز پر دفاعی سازوسامان کا جائزہ لیا۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے اسلام آباد خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت
اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سعودی عرب کی جانب سے عالمی دفاعی نمائش کو سراہا اور کہا کہ پاکستانی اسلحہ ساز کمپنیوں کے سٹالز نا صرف سب سے نمایاں ہیں بلکہ دنیا بھر کے لوگوں کی توجہ کا مرکز بھی ہیں معرکہ حق بنیان مرصوص کے بعد پاکستانی دفاعی صلاحیت پوری دنیا کے سامنے ہے اور نمائش میں شامل ہمارا دفاعی سازوسامان ثابت کرتا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا مزید کہنا تھا پاکستان دفاعی اعتبار سے پوری دنیا میں اپنا منفرد مقام بنا چکا ہے یہی وجہ ہے کہ دنیا کے کئی ممالک پاکستان کے لڑاکا طیاروں سمیت دیگر دفاعی ٹیکنالوجی کو حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں اور آئندہ پاکستان کی معیشت میں دفاعی سازوسامان کے حوالے سے بڑا اہم کردار ثابت ہوگا۔











