راولپنڈی (کرائم رپورٹر) تھانہ بنی کے علاقے میں نجی ہسپتال کے قریب سے کمسن بچی کے اغواء کی اطلاع پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی راول کو بچی کی فوری بازیابی اور ملزم کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بچی اپنے دادا کے ساتھ ہسپتال آئی تھی جہاں سے ایک شخص نے اسے اغواء کر لیا۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت تمام ذرائع سے بچی کی تلاش میں مصروف ہے۔ راولپنڈی پولیس کی بہترین کارروائی کے نتیجے میں بچی بحفاظت بازیاب کروا کر والدین سے ملوا دی گئی۔ والدین نے پولیس کی فوری کارروائی پر سی پی او کا شکریہ ادا کیا۔ سی پی او نے والدین اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بچوں پر خاص نظر رکھیں اور کسی اجنبی پر بھروسہ نہ کریں۔
اسی طرح تھانہ ائیرپورٹ کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار تین ملزمان کی پولیس پارٹی پر فائرنگ کے واقعے میں ایک زخمی ملزم گرفتار کر لیا گیا۔ اس سے چوری شدہ موٹر سائیکل اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ گرفتار ملزم متعدد مقدمات میں ملوث ہے۔ پولیس نے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ شہریوں کی جان و مال پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔
راولپنڈی پولیس نے گزشتہ تین ماہ کے دوران قتل، زیادتی اور منشیات کے مقدمات میں 94 مجرموں کو عدالتوں سے سزا دلوانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ قتل کے 13 مقدمات میں 24 مجرموں کو سزائیں دی گئیں جن میں 12 کو سزائے موت اور پانچ کو عمر قید شامل ہے۔ زیادتی کے پانچ مقدمات میں سات ملزمان کو مختلف سزائیں دی گئی ہیں جبکہ منشیات کے مقدمات میں 63 مجرموں کو سزا سنائی گئی ہے۔ پولیس نے مؤثر شواہد کی بنیاد پر سخت کارروائی کی ہے۔
مزید پڑھیں: نیشنل سائبرکرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے پی ٹی آئی رہنما فلک جاویدکو گرفتار کرلیا
چکری پولیس نے گھر میں چوری اور نقب زنی کے دو ملزمان کو گرفتار کر کے 2 لاکھ روپے مالیت کی رقم برآمد کر لی ہے۔ پیرودہائی، رتہ امرال، چکلالہ اور روات پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 33 لیٹر شراب اور اسلحہ سمیت ایمونیشن بھی برآمد کی ہے۔
سی پی او نے تھانہ صدر بیرونی اور سول لائنز میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جہاں شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور اپنی شکایات کا ازالہ کروایا۔ سی پی او نے ناقص تفتیش پر تھانہ کینٹ کے سب انسپکٹر کو معطل کر کے چارج شیٹ جاری کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے مسائل کا فوری حل یقینی بنایا جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت راولپنڈی پولیس نے منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سات منشیات فروشوں کو گرفتار کیا اور 11 کلو سے زائد منشیات برآمد کیں۔ اس کے علاوہ گوجرخان پولیس نے کرایہ دار خاتون سے زیادتی کرنے والے مکان مالک کو گرفتار کیا جبکہ نیوٹاؤن اور کہوٹہ پولیس نے اقدام قتل کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا۔
رتہ امرال پولیس نے غیر قانونی گیس ریفلنگ اور کھلے پٹرول فروخت کرنے والے دو افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔
ترجمان راولپنڈی پولیس نے شہریوں کو یقین دہانی کروائی ہے کہ قانون کی بالادستی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور قانون شکنی کرنے والوں کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا۔