هفته,  23 نومبر 2024ء
آئی ایم ایف کے 26 میں سے 25 اہداف پر عمل درآمد مکمل ہو گیا

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز )دوسرے اقتصادی جائزے کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے 26 میں سے 25 اہداف پر عمل درآمد مکمل ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے اہداف پر عمل درآمد کی رپورٹ آئی ایم ایف کو بھجوا دی ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ایس او ایز قانون میں ترمیم اور ترمیمی قانون پر عمل درآمدکی شرائط مکمل نہیں ہو سکیں ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی، پاکستان پوسٹ اور پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے قانون میں ترمیم نہیں کی گئی۔

ذرائع کے مطابق حکومت کے لیے مرکزی بینک سے قرضہ نہ ملنے اور بیرونی ادائیگیوں کی بروقت ادائیگی کی شرط پوری کردی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس ریونیو اور ریفنڈ کی ادائیگیوں سمیت پاور سیکٹر کے بقایا جات وقت پر کلیئر کر دیے گئے ہیں جب کہ ٹیکس چھوٹ نہ دینے اور ٹیکس ایمنسٹی کی شرط پر بھی مکمل عمل درآمد کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق انٹربینک اور اوپن مارکیٹ کے درمیان کرنسی کے تبادلے میں 1.25 فیصد کی شرح پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے جب کہ بجلی کے نرخوں میں ری بیس اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کی شرط بھی بروقت نافذ کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن کی جانب سے ٹارگٹ پر عملدرآمد رپورٹ کا جائزہ اس کی آمد سے قبل مکمل کر لیا جائے گا۔

مزید خبریں