لاہور (روشن پاکستان نیوز)لاہور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے میچز کے دوران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور شائقین کو آگاہ کرنے کے لیے پلان جاری کر دیا گیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور عمارہ اطہر نے بتایا کہ 4 سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ایس پیز)، 12 ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پیز) اور 90 انسپکٹرز ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔
عمارہ اطہر نے بتایا کہ قذافی اسٹیڈیم میں 900 سے زائد وارڈنز تعینات کیے جائیں گے، ٹیموں کے روٹس اور متبادل راستے، 20 فورک لفٹ، 5 بریک ڈاؤن غیر قانونی پارکنگ کے خاتمے کے لیے بھی تعینات کیے جائیں گے۔
کرکٹ شائقین کی سہولت اور اسٹیڈیم تک آسان رسائی کے لیے 3 پارکنگ اسٹینڈز مختص کیے جائیں گے، سٹی ٹریفک پولیس شائقین کرکٹ کا روایتی انداز میں استقبال کرے گی، ٹریفک کے لیے مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ روڈ اور گلبرگ میں پارکنگ سٹینڈز بنائے جائیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان 12 جنوری کو کیا گیا تھا، جس کا آغاز 17 فروری کو لاہور سے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ سے ہو گا، جب کہ ایونٹ کا فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے میچز 4 شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے اور ایونٹ کا فائنل 18 مارچ کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگا۔
اس 34 میچوں کے T20 ٹورنامنٹ میں کراچی زیادہ سے زیادہ 11 میچوں کی میزبانی کرے گا، جس میں کوالیفائر، دو ایلیمینیٹر اور فائنل شامل ہیں۔
لاہور کا قذافی سٹیڈیم اور راولپنڈی کا پنڈی کرکٹ سٹیڈیم نو نو میچز کی میزبانی کرے گا جبکہ پانچ میچ ملتان میں کھیلے جائیں گے۔
پچھلے ایڈیشن کی طرح پی ایس ایل کا نواں ایڈیشن بھی 2 مرحلوں میں ہوگا جس میں ابتدائی طور پر ملتان کرکٹ اسٹیڈیم اور قذافی اسٹیڈیم لاہور 17 سے 27 فروری تک 14 میچوں کی میزبانی کریں گے، اس کے بعد 28 فروری سے 18 مارچ تک 20 میچ راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔