هفته,  23 نومبر 2024ء
پنجاب اسمبلی کے مزید 6 آزاد ارکان مسلم لیگ (ن) میں شامل

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)آزاد حیثیت میں منتخب ارکان اسمبلی کی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا سلسلہ جاری، پنجاب اسمبلی کے مزید 6 نومنتخب ارکان نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور مریم نواز سے ملاقاتوں کے دوران 6 نومنتخب ارکان سلطان باجوہ، حنیف پتافی، محمود قادر خان، تیمور لالی، شازیہ ترین اور علی اصغر نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی۔

نومنتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے پارٹی میں شمولیت پر نومنتخب اراکین اسمبلی کا شکریہ ادا کیا، اراکین نے شہباز شریف کو وزیراعظم کے عہدے کے لیے نامزد ہونے پر مبارکباد بھی دی۔

صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ ہم سب قائد نواز شریف اور عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے، اتحاد اور تعاون ہی پاکستان کو مشکلات سے نکال سکتا ہے، نواز شریف کی رہنمائی میں عوام کی خدمت کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے ویژن پر عمل کریں گے، پاکستان کو معاشی خطرات سے نجات دلائیں گے، عوام کو مہنگائی کی لعنت سے بچانا ہمارا پہلا چیلنج ہے۔

ملاقات میں رانا تنویر، سعد رفیق، عطا اللہ تارڑ، اویس لغاری، عمران نذیر، احمد لغاری بھی موجود تھے۔

مریم نواز نے کہا کہ نومنتخب اراکین پنجاب اسمبلی کا ن لیگ میں شمولیت پر مشکور ہوں۔

مزید خبریں