امریکہ سے شکست،شہیر حیدرسیالوی نے محسن نقوی کو کھری کھری سنادیں

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پاکستان نظریاتی پارٹی کے چیئرمین شہیر حیدر سیالوی امریکہ سے قومی کرکٹ ٹیم کی عبرت ناک شکست پر برس پڑے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان نظریاتی پارٹی کے سربرا شہیر حیدر سیالوی نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

انہوں نے محسن نقوی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب سفارشی لوگ آگے آئیں گے تو پھر نتیجہ یہی نکلے گا جو کل رات قوم نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی امریکہ جیسی نابالغ ٹیم سے شکست کی صورت میں دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان جل رہا ہے،خیبر پختون خواہ میں لوگ ناراض ہوئے بیٹھے ہیں،چمن میں اتنے دن سے دھرنا دیا جا رہا ہے، ڈی چوک میں غزہ جنگ کے خلاف چھ ہفتوں سے دھرنا جاری ہے، دو جانیں جا چکی ہیں، پنجاب میں کسانوں کو گندم کی قیمت نہیں مل رہی، محسن نقوی مرکزی وزیر داخلہ ہیں، ان کو چاہیے کہ وہ ان تمام معاملات کو سدھارنے کے لیے اپنی کاوشیں بروئے کار لائیں اور جو جو بھی مسائل ہیں ان کے حل کے لئے ان لوگوں ک ےپاس  جائیں اور کرکٹ جیسا اہم عہدہ کسی ذمہ دار بندے کے حوالے کریں۔

،انہوں نے کہا کہ سٹریٹ چائلڈ فٹبال کا کوئی کوچ نہیں تھا اوربرازیل میں ہونے والے ورلڈکپ میں  فائنل میں ارجنٹیناسے ہاری۔ہمارے پاس  بہترین پلیئر لیاری میں موجود ہیں چمن سے لیے جا سکتے ہیں ،گلگت بلتستان میں اچھے کھلاڑی موجود ہیں، بلوچستان سے بھی کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے مگر افسوس کہ ہر طرف سفارش کا راج ہے، صرف سفارشی لوگوں کو ہی آگے آنے دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت حالات کا تقاضہ یہی ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی فوراً اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے دور میں کرکٹر رمیز راجہ کو چیئرمین پی سی بی لگایا تھا جو کرکٹ کی سوجھ بوجھ رکھتے تھے اور انہوں نے بہت اچھا انتظام چلایا لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ محسن نقوی کو پہلے وزیر اعلی پنجاب لگا کر پنجاب میں انتقامی کارروائیاں کی گئیں پھر پی سی بی چیئرمین جیسا اہم عہدہ دے دیا گیا لیکن اب وقت آگیا ہے کہ وہ اس عہدے سے خود کو علیحدہ کر لیں کیونکہ قومی ٹیم کی انتہائی ناقص کارکردگی سے محسن نقوی کے چیئرمین شپ پراب سوال کھڑے ہوگئے ہیں ۔

مزید خبریں