لندن (صبیح زونیر)برطانیہ میں فلسطینیوں کے نام پر لوٹنے والا جعلی گروہ سرگرم ہوگیاجبکہ مقامی لوگوں سے اپیل کی گئی ہے وہ اگر فلسطین اور اس کے مظلوم عوام کی صیح معنوں میں خدمت کرنا چاہتے ہیں اور ان تک امداد پہنچانا چاہتے ہیں تو رجسٹر ڈ اداروں کے ذریعے یہ کام کریں تاکہ آپ کی امداد کا صیح استعمال ہوسکے اور یہ حق داروں تک پہنچ جائے۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں بھی فلسطینیوں کے نام پر امدادحاصل کرنے والا ایک جعلی گروہ سرگرم ہے جو لوگوں کو فلسطین کے نام پر لوٹ رہا ہے۔
برطانیہ میں ’’ہیلپ فار فلسطین ‘‘کے نام سے ایک مہم جاری ہے ،جس میں محمد شاکر کے نام سے ایک بینک اکائونٹ نمبر بھی دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فلسطین کے نام پر لوٹ مارکرنے والا گروہ کا فلسطینیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے اور یہ صرف مظلوم فلسطینیوں کا نام استعمال کر کے پیسے بٹور رہے ہیں ،ایسے عوامل کی نہ صرف حوصلہ شکنی کی جائے بلکہ ان کا قلع قمع کرنے کے لئے فوری پولیس کو بھی آگاہ کیا جائے تاکہ وہ قانون کے مطابق ا س سے نمٹ سکے۔

دوسری طرف فلسطین میں انسانیت تڑپ رہی ہے، اسرائیل کا ظلم حد سے بڑھ گیا ہے اور اس نے تمام اخلاقی قدریں پامال کردی ہیں۔ فلسطینی فضا اسرائیلی حملوں اور انسانی چیخوں سے گونج رہی ہے، غزہ میں بھوک، افلاس کا راج، خوراک ناپید، پانی بند، لاشوں کو دفنانے کے لئے جگہ ختم، ہر طرف بکھری لاشیں عالمی امن کے دعویداروں کا منہ چڑا رہی ہیں ۔
جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل نے بمباری کرکے سفاکیت کی ایک اور انتہا کردی۔
غزہ سے نقل مکانی کرنے والوں پر بھی بمباری کی جا رہی ہے۔
عالم اسلام کا دل اس کھلے ظلم کے خلاف خون کے آنسو روتا ہے مگر اس کی بے بسی بھی عیاں ہے۔
ارض فلسطین کی تباہی و بربادی محض بیان بازی نہیں عالمی برادری کے عملی اقدامات کی منتظر ہے۔