بوگوٹا(روشن پاکستان نیوز) دبئی میں 16 ملین ڈالر کے بینک فراڈ کی ایک مبینہ سازش میں ملوث ہونے کے شبہے میں ایک اسرائیلی شہری کو انٹرپول کی درخواست پر کولمبیا میں گرفتار کر لیا گیا۔
عبرانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 61 سالہ مائیکل مزراحی، جو میکسیکو کی شہریت بھی رکھتا ہے، ملک پہنچنے کے کچھ ہی دیر بعد بوگوٹا کے ال ڈوراڈو بین الاقوامی ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق مزراحی عرف ’’بینکر‘‘ مبینہ طور پر ایک بین الاقوامی فراڈ گروہ کا حصہ تھا، جس نے دبئی میں واقع بینک آف خرطوم سے تقریباً 61.4 ملین درہم (16 ملین ڈالر) دھوکے سے حاصل کیے۔
فراڈ میں ملوث ملزمان نے خود کو دولت مند سرمایہ کاروں اور کاروباری نمائندوں کے طور پر پیش کیا، انھوں نے جعلی مالیاتی دستاویزات اور فرضی سرمایہ کاری کے منصوبوں کا استعمال کرتے ہوئے بینک سے رقوم حاصل کیں۔ تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ اس رقم کا کچھ حصہ مزراحی کی ملکیت والی کمپنیوں کو منتقل کیا گیا۔
یہودی آباد کاروں نے فرانسیسی میئر سمیت یورپی سفارتکاروں پر حملہ کر دیا
کولمبیا میں انٹرپول کے سربراہ، کرنل ایلور ویسینتے الفونسو نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حکام نے دبئی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کیا تھا۔
اسرائیلی شہری کو متحدہ عرب امارات کے حوالے کیا جائے گا، جس کے لیے کولمبیا کے استغاثہ کی جانب سے اقدامات جاری ہیں، ملزم کی جانب سے اگر حوالگی کو چیلنج کیا گیا تو اس عمل میں کئی ہفتوں کی تاخیر ہو سکتی ہے۔











