اتوار,  08 مارچ 2026ء
دفاع کا حق حاصل ہے، خطے میں امریکی اڈے استعمال ہوئے تو کارروائی کریں گے: ایران

تہران(روشن پاکستان نیوز) سیکرٹری جنرل ایرانی نیشنل سکیورٹی کونسل علی لاریجانی نے کہا  کہ خطے میں موجود  امریکی اڈے  ہمارے خلاف  استعمال ہو رہے ہیں، ایسے میں ایران کو حق دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔

ایک ٹی وی انٹرویو میں علی لاریجانی نے پیغام دیا کہ خطے کے ممالک امریکا کو اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال کرنے سے روکیں۔

انہوں نےکہا ایران کو خطے کے ممالک سے کوئی مسئلہ نہیں، خطے کے ممالک جانتے ہیں کہ امریکا اب ان کی سکیورٹی یقینی نہیں بنا سکتا۔ امریکی اڈے دشمنوں کے لیے استعمال ہوں گے تو ایران حق دفاع میں کارروائی کرے گا۔

علی لاریجانی نے کہا ایران پر حملے کرکے ٹرمپ اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ امریکا اپنے غلط اندازوں کے دلدل میں پھنس چکا ہے۔مجھے اطلاع دی گئی ہے کہ کئی امریکی فوجیوں کو قیدی بنا لیا گیا ہے۔

علی لاریجانی نے کہا  خامیوں کے باوجود ایرانی قوم دشمنوں کے خلاف متحد ہے۔ امریکا اور اسرائیل کی جارحیت کے جواب پر ایرانی قیادت میں کوئی اختلاف نہیں۔

ہم ایران میں ایسا صدر چاہتے ہیں جو ملک کو جنگ کی طرف نہ لے جائے: ٹرمپ

انہوں نےکہا امریکی صدر نے ہمارے سپریم لیڈر  اور ایک ہزار سے زائد لوگوں کو شہید کیا، یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ ہم اسے تنہا نہیں چھوڑیں گے، اسے اپنے کیے کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔

علی لاریجانی نے آبنائے ہرمز سے متعلق واضح کیا کہ ایران نے آبنائے ہرمز بند نہیں کی، جنگ کے باعث صورتحال متاثر ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ جنگ نہیں چاہتے لیکن جارحیت کرنے والوں کو سزا ملنی چاہیے، امریکا کو اپنے اقدامات کی قیمت چکانا ہوگی۔

مزید خبریں