ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی وزارتِ دفاع کے ترجمان کے مطابق آج صبح راس تنورہ ریفائنری کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے دو ڈرونز کو کامیابی سے روک کر تباہ کر دیا گیا۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارتِ دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ روک تھام کے عمل کے دوران ملبہ شہری علاقوں کے قریب گرا جس کے نتیجے میں ایک محدود آگ بھڑکی، تاہم کوئی شہری جانی نقصان نہیں ہوا۔
وزارتِ توانائی کے ایک سرکاری ذریعے نے تصدیق کی کہ ری فائنری میں لگنے والی محدود آگ کو فوری طور پر قابو میں کر لیا گیا۔ ذریعے کے مطابق نہ تو کسی شخص کو چوٹ آئی اور نہ ہی توانائی کی فراہمی یا ریفائنری کے آپریشنز پر کوئی اثر پڑا۔
حکام نے واضح کیا کہ مملکت کی توانائی تنصیبات محفوظ ہیں اور ایسے حملوں کی کوششیں توانائی کی منڈیوں کے استحکام یا سعودی عرب کی سپلائی کے وعدوں پر اثر انداز نہیں ہوں گی۔










