واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکی حکام نے شدید برفانی طوفان کے پیش نظر مختلف ریاستوں میں اسٹورم وارننگ جاری کر دی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ملک کی 37 ریاستوں میں تقریباً 19 کروڑ افراد کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے جبکہ خراب موسمی حالات کے باعث 10 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مڈویسٹ، مڈ اٹلانٹک اور نیو میکسیکو سے ٹینیسی ویلی تک شدید برفباری، ژالہ باری اور موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
طوفانی موسم کے نتیجے میں ایک لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہو چکے ہیں جبکہ نیوجرسی میں پبلک ٹرانسپورٹ کی سروسز عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق لوزیانا اور جنوب مشرقی ٹیکساس کے متعدد علاقوں میں آئس اسٹورم وارننگ نافذ ہے، جس کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور حادثات کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
انڈیانا میں ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی آپریشن سینٹر کو فعال کر دیا گیا ہے، جبکہ کولمبس میں گزشتہ دو دہائیوں کی شدید ترین برفباری کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے بارش اور برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی
حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، حفاظتی ہدایات پر عمل اور ہنگامی صورتِ حال میں مقامی اداروں سے رابطے کی ہدایت کی ہے جبکہ ریسکیو اور ایمرجنسی ادارے الرٹ رہتے ہوئے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔











