منگل,  23  ستمبر 2025ء
برطانیہ،کینیڈا اور آسٹریلیا کے بعد فرانس کا بھی فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان

پیرس (روشن پاکستان نیوز) برطانیہ،کینیڈا ، آسٹریلیا اور پرتگال کے بعد  فرانس نے بھی فلسطین کو  ریاست تسلیم کرلیا۔

فرانس کے صدر  میکرون نے اقوام متحدہ کانفرنس میں فلسطین کو ریاست تسلیم کرنےکا اعلان کیا، انہوں نے اپنے خطاب میں  غزہ میں جاری جنگ کو ناقابلِ جواز قرار دیا۔

فرانسیسی صدر نےکہا کہ ہم مزید انتظار  نہیں کرسکتے اور  اب وقت آ گیا ہے کہ یہ جنگ مکمل طور  پر  ختم کی جائے اور حماس کے زیر حراست باقی 48 مغویوں کو فوری رہا کیا جائے۔

صدر میکرون نے اپنے خطاب کے دوران دیگر  ممالک کا بھی ذکر کیا جنہوں نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا،  ان ممالک میں اندورا، آسٹریلیا، بیلجیم، لکسمبرگ، مالٹا، مراکش، برطانیہ، کینیڈا اور  سان مارینو  شامل ہیں۔

صدر میکرون نے کہا کہ ان ممالک نےجولائی میں ہماری اپیل کا جواب دیا اور  امن کےلیے ذمہ دارانہ اور ضروری آپشن کا انتخاب کیا۔ فرانسیسی صدر  میکرون نے واضح کیا کہ فلسطینیوں کو حقوق دینے سے اسرائیلیوں کے حقوق چھین نہیں جاتے۔

مزید پڑھیں: موت اور زندگی اللہ کے ہاتھ میں ہے؛ اسماعیل ہنیہ کی خامنہ ای سے آخری گفتگو وائرل

انہوں نے  عالمی برادری کو  پیغام دیا کہ دنیا امن کے موقع سے محض چند لمحوں کے فاصلے پر ہے اور اگر اب بھی کچھ نہ کیا گیا تو یہ موقع ہمیشہ کے لیے ضائع ہو جائے گا۔

فرانسیسی صدر نے دو ریاستی حل کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن صرف اسی وقت ممکن ہے جب اسرائیل اور فلسطین دو الگ ریاستوں کے طور پر ساتھ ساتھ رہیں۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں برطانیہ، کینیڈا،  آسٹریلیا اور  پرتگال بھی فلسطین کو  باضابطہ طور  پر  خود مختار ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

مزید خبریں