اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) آسٹریلیا ، برطانیہ اور کینیڈا نے فلسطین کی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کر لیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے کہا ہے کہ پرامن مستقبل کیلئے فلسطینی ریاست کو شراکت داری کی پیشکش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے میں مسلسل غیر قانونی بستیوں کی تعمیر اور غزہ میں جاری حملوں نے لاکھوں افراد کو بے گھر اور ہزاروں شہریوں کو قتل کیا ہے، یہ سب اقدامات بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔
علاوہ ازیں آسٹریلوی حکومت کا کہنا ہے کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا دو ریاستی حل کیلئے عالمی کوششوں کا حصہ ہے ، دوسری جانب برطانیہ نے بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیا ہے۔
برطانیہ کا یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب یورپی یونین کے کئی دیگر ممالک بھی فلسطین کو مکمل ریاست کا درجہ دینے پر غور کر رہے ہیں۔
قبل ازیں برطانیہ کے نائب وزیراعظم ڈیوڈ لیمی نے کہا تھا کہ فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنا ایک اہم سفارتی اقدام ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ کل ہی فلسطینی ریاست وجود میں آ جائے گی ، یہ عمل طویل مدتی امن کے حل کی طرف ایک قدم ہے۔