تل ابیب(روشن پاکستان نیوز)صیہونی ریزرو فوج کے جنرل اسحاق بریک نے کہاہے کہ جب تک اس حکومت کی سب سے بڑی تباہی کے ذمہ دار افراد کو تبدیل نہیں کیا جاتا اور وہ اپنے عہدوں پر براجمان ہیں تب تک حکومت اپنے حتمی زوال کی طرف گامزن ہی رہے گی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صیہونی ریزرو فوج کے جنرل “اسحاق بریک” نے اس حکومت کے موجودہ عہدیداروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جب تک اسرائیل اپنی سب سے بڑی تباہی کے اسباب کو تبدیل نہیں کرتا تب تک وہ ایک یقینی زوال کی طرف ہی بڑھتا رہے گا۔
انہوں نے مزید کہاکہ غزہ جنگ کو ختم نہ کرنے کے نیتن یاہو، گیلنٹ اور ہالیوی کے منصوبے کا مطلب یہ ہے کہ ایک ہمہ گیر علاقائی جنگ ناگزیر ہو جائے گی، ایک ایسی جنگ جس کے لیے ہم بالکل بھی تیار نہیں ہیں۔
صہیونی جنرل نے مزید کہاکہ جو لوگ رفح اور حزب اللہ پر حملہ کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں انہیں اس بات کا اندازہ نہیں ہے کہ یہ حملے اسرائیل پر کیا تباہی لا سکتے ہیں۔
اسحاق بریک نے کہاکہ ہم تیزی سے دنیا کی تمام اقوام سے کٹ رہے ہیں شدید تنہائی کی طرف بڑھ رہے ہیں، یہاں تک کہ یورپی ممالک اور باقی دنیا بھی ہمارے اوپر ہتھیاروں کی پابندی عائد کرے گی۔
انہوں نے مزید کہاکہ اسرائیل کی داخلی سلامتی تباہ ہو رہی ہے اور ہم روز بروز غزہ کے قبرستان میں مزید دھنستے جا رہے ہیں۔