جاپان کے مرکزی بینک نے 17 سالوں میں پہلی بار شرح سود میں اضافہ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بینک آف جاپان نے شرح سود منفی 0.1 فیصد سے بڑھا کر 0 سے 0.1 فیصد کے درمیان کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جاپان میں قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ شرح سود میں اس اضافے کے بعد دنیا کا کوئی ملک ایسا نہیں بچا جہاں شرح سود منفی ہو۔
منفی شرح سود کا مطلب ہے کہ عوام کو بینکوں میں رقم رکھنے کے لیے بینکوں کو ادائیگی کرنی پڑتی ہے۔ منفی شرح سود کا استعمال ممالک لوگوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کرتے ہیں کہ وہ بینکوں میں کم رقم رکھیں اور زیادہ رقم خرچ کریں۔
رواں ماہ کے آغاز میں جاپان کی بڑی کمپنیوں نے تنخواہوں میں 5.28 فیصد اضافے کا اعلان کیا تھا جو کہ گزشتہ تین دہائیوں میں سب سے بڑا اضافہ ہے۔
جاپان میں اجناس کی قیمتوں میں معمولی اضافے کی وجہ سے 1990 کی دہائی کے آخر سے اجرتوں میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا ہے۔