کابل(روشن پاکستان نیوز)افغانستان کی وزارت خارجہ نے پکتیکا اور خوست صوبوں پر فضائی حملوں کے نتیجے میں پاکستان سے احتجاج کیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی فوجیوں کے حملوں کے نتیجے میں خواتین اور بچوں کی شہادت کے ردعمل میں کابل میں موجود پاکستانی سفیر کو طلب کیا گیا اور پاکستان کو احتجاجی خط ارسال کیا گیا ۔
افغان وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ حملوں کی مذمت کے ساتھ ساتھ وزارت خارجہ نے پاکستان کو آگاہ کیا کہ امارت اسلامیہ افغانستان کو دنیا کی سپر پاورز کے خلاف آزادی کے لیے لڑنے کا طویل تجربہ ہے اور وہ اپنی سرزمین پر کسی بھی طرح کی جارحیت کو برداشت نہیں کر سکتی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ نئی (پاکستانی)سویلین حکومت اور پاکستانی عوام کے کچھ حلقوں کو اپنے غیر ذمہ دارانہ اقدامات اور غلط پالیسیوں سے دونوں پڑوسی مسلم ممالک کے تعلقات کو مزید پیچیدہ کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔