منگل,  23  ستمبر 2025ء
13 سالہ لڑکا جہاز کے پہیے میں چھپ کر کابل سے دہلی پہنچ گیا

دہلی(روشن پاکستان نیوز) افغانستان کے 13 سالہ نوجوان نے غیر معمولی اور خطرناک انداز میں کابل سے دہلی تک کا سفر طیارے کے لینڈنگ گیئر میں چھپ کر طے کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ افغان ایئرلائن KAM کی پرواز RQ-4401 کا ہے، جو کابل سے دہلی تقریباً دو گھنٹے میں پہنچتی ہے۔ لڑکا کابل ایئرپورٹ کے ممنوعہ علاقے میں داخل ہوا اور جہاز کے لینڈنگ گیئر میں چھپ گیا۔

جہاز کی لینڈنگ کے بعد عملے نے اسے جہاز کے قریب گھومتے ہوئے دیکھا اور فوری طور پر سیکیورٹی حکام کو اطلاع دی گئی۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ لڑکا قندوز کا رہائشی ہے اور اس نے یہ قدم محض تجسس کے تحت اٹھایا تھا۔

سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ لینڈنگ گیئر میں آکسیجن کی کمی اور انتہائی سردی کے باعث زندہ رہنا بہت مشکل ہوتا ہے، لیکن خوش قسمتی سے لڑکا محفوظ رہا۔ بعد ازاں اسے واپس افغانستان بھیج دیا گیا۔

جہاز کی جانچ کے دوران ایک سرخ رنگ کا اسپیکر بھی ملا جو ممکنہ طور پر لڑکے کا ذاتی سامان تھا۔ حکام نے مکمل معائنے کے بعد طیارے کو محفوظ قرار دے دیا۔

مزید خبریں