اتوار,  08  ستمبر 2024ء
ملک کے مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم شام یا رات خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، شمال مشرقی بلوچستان، جنوب مشرقی سندھ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی، جھکڑ اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم گرم اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ شام یا رات میں آندھی،جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم مری،گلیات راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین،لاہور اور گجرات کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گجرانوالہ، وزیرآباد، سیالکوٹ اور نارووال، بھکر، لیہ، تونسہ، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی آندھی،جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے۔

خیبرپختونخواکے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم شام یا رات کوہاٹ، کرک، بنوں، ٹانک، وزیرستان، ڈی آئی خان، چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، بالاکوٹ، مانسہرہ، کوہستان، خیبر، پشاوراور کرم میں چند مقامات پر آندھی، تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم خضدار، لسبیلہ، بارکھان، ژوب،شیرانی، کوہلو، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، نصیر آباد،جفر آباد، جھل مگسی، جعفرآباداور ڈیرہ بگٹی میں آندھی،جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پربارش ہونے کا امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ ساحلی علاقوں میں گرم اور مرطوب رہے گاتاہم تھر پارکر،،عمرکوٹ، سانگھڑ، میرپور خاص،بدین، سجاول اور حیدر آباد میں آندھی،جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)پنجاب نے صوبے میں رواں سال مون سون بارشیں 35 فیصد تک زیادہ ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں سے متعلق الرٹ جاری کرتے ہوئے صوبے بھر کی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کردیا۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان میں جنگلات کی کٹائی پر 44 ملازمین برطرف

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کے مطابق اگلے ماہ کے تیسرے ہفتے بالائی پنجاب اور جنوبی پنجاب میں 15 سے 25 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے، چوتھے ہفتے میں 50 سے 70 ملی میٹر بارشوں کی پیشگوئی ہے، جولائی میں مون سون بارشوں سے اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ مون سون بارشوں سے قبل تمام تر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News