وفاقی حکومت نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے وفاقی سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لیے خوش آئند فیصلہ کر لیا ہے۔ حکومت کی جانب سے مسیحی ملازمین کو دسمبر کی تنخواہ اور پنشن ایڈوانس میں ادا کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت یہ ادائیگیاں 22 دسمبر کو کی جائیں گی۔
وفاقی وزارتِ خزانہ نے اس حوالے سے کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس (CGA) کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ مراسلے میں ہدایت دی گئی ہے کہ 25 دسمبر کو کرسمس کے پیشِ نظر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے تمام وفاقی ملازمین اور پنشنرز کو تنخواہ اور پنشن مقررہ تاریخ سے قبل ادا کی جائے۔
وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مسیحی برادری کو کرسمس کی خوشیوں میں سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بروقت مالی وسائل کے ساتھ اپنے مذہبی تہوار کی تیاری کر سکیں۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
وفاقی حکومت کے اس فیصلے کو مسیحی برادری کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔ سرکاری ملازمین اور پنشنرز کا کہنا ہے کہ ایڈوانس ادائیگی سے انہیں کرسمس کے انتظامات میں آسانی ہوگی اور مالی دباؤ میں کمی آئے گی۔











