اتوار,  29 مارچ 2026ء
ساری دنیا کی نظریں اسلام آباد پر!

قلم قرطاس اور تلوار

تحریر: شیخ اعجاز افضل مانچسٹر

پاکستان بن گیا ہے مرکز نگاہ ۔ ساری دنیا کی نظریں اسلام آباد پر لگ چکی ہیں ۔ پاکستان سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔اسلام آباد میں چار ممالک کے وزرائے خارجہ کا مشاورتی اجلاس شروع ہو چکا ہے ۔

یہ اجلاس نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر منعقد کیا گیا ہے، جس میں پاکستان، سعودی عرب، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیں گے اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ انٹرنیشنل میڈیا میں پاکستان کا نام گونج رہا ہے ۔ جب پوری دنیا امریکا ، اسرائیل اور ایران جنگ کی وجہ سے بڑھنے والی مہنگائی پر پریشان ہے ۔ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا اثر پوری دنیا کی معیشت پر پڑ رہا ہے ۔ خلیجی ممالک اپنی سیکیورٹی کے حوالے سے پریشانی کا شکار ہیں ، دبئی ، دوحہ اور قطر سے سیاح اپنے ممالک کو واپس جا چکے ہیں ، آبنائے ہرمز کے قریب قطار میں لگے ہوئے دنیا کے آئل ٹینکروں سے لدے بحری جہاز جنگ کے خاتمے کے انتظار میں ہیں ۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی سابق صدر اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل ضیاء الحق مرحوم کی آبنائے ہرمز کی اہمیت کے حوالے سے ویڈیو آج کی صورتحال کے عین مطابق ہے ۔ ادھر امریکہ میں No King کے مظاہروں میں تیزی آ چکی ہے ، ان مظاہروں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اختیارات کو محدود کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ اس جنگ کے ابتدا میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اس جنگ کے حق میں نہیں تھے ۔ جہاں ایران نے امریکہ کی طرف سے پندرہ جنگ بندی کی تجاویز کو یکسر مسترد کر دیا ہے وہاں اپنے پانچ نکاتی ایجنڈا پیش کر دیا ہے ۔ پاکستان کے وزیراعظم میاں شہباز شریف نے گزشتہ روز ایران کے صدر کے ساتھ جنگ بندی کے حوالے سے ایک گھنٹہ گفتگو کی ہے ۔ پاکستان اس جنگ بندی کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے جارہا ہے ۔ ادھر ایران نے بھی پاکستان کی مصالحت کے لیے کی گئی کوششوں کی تعریف کی ہے ۔ امید ہے کہ پاکستان کی پرخلوص کوششیں رنگ لائیں گی ۔ پاکستان نے ہمیشہ امن و سلامتی کی بات کی ہے ۔

مزید خبریں