آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت امتِ مسلمہ کا عظیم نقصان ہے، سجادہ نشین بری امام سرکار

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) دربار حضرت بری امام سرکار کے سجادہ نشین پیر سید محمد علی گیلانی نے آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای کی پگڑی کا زمین پر گرنا دراصل پوری امتِ مسلمہ کی عزت و وقار کا گرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ایک تصویر دیکھی جس میں آیت اللہ سید علی خامنہ ای مرحوم کی پگڑی زمین پر پڑی ہوئی تھی۔ مسلمانوں! یہ مت سمجھو کہ یہ صرف ایک فرد کی پگڑی تھی، حقیقت میں یہ پوری امتِ مسلمہ کی پگڑی تھی جو زمین پر گری ہے۔ جب قوموں کی پگڑیاں گر جائیں تو پھر وہ دوبارہ سر بلند نہیں کر سکتیں، یہ بات یاد رکھنی چاہیے۔

سجادہ نشیں بری امام سرکار پیر سید حیدر علی گیلانی کی اسلام آباد دھماکے کی مذمت

پیر سید محمد علی گیلانی کا کہنا تھا کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای ایک ایسے مردِ مجاہد تھے جن کی وجہ سے امتِ مسلمہ کے سر فخر سے بلند تھے۔ وہ ایک واحد شیر تھے جن سے بڑی بڑی سپر پاورز بھی خوفزدہ رہتی تھیں۔ آج اسی عظیم رہنما کو شہید کر دیا گیا، جو پوری مسلم دنیا کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ میرے الفاظ سخت محسوس ہو سکتے ہیں، مگر یہ حقیقت پر مبنی ہیں کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کی ایک بڑی وجہ خود امتِ مسلمہ کی کمزوری اور باہمی انتشار ہے۔ وہ امت کے گھر کا ایسا شیر تھے جس کی موجودگی نے مسلمانوں کو حوصلہ اور طاقت دی ہوئی تھی۔

آخر میں سجادہ نشین بری امام سرکار نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ محمد ﷺ و آلِ محمد ﷺ کے صدقے شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور امتِ مسلمہ کو صبر، اتحاد اور بیداری نصیب کرے۔ آمین یا رب العالمین۔

مزید خبریں