پیر,  03  اگست 2026ء
الجبیل کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے مایہ ناز کرکٹر عبدالرزاق کے اعزاز میں تقریب

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب کے صنعتی شہر الجبیل میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز آل راؤنڈر عبدالرزاق کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کرکٹرز، کھیلوں سے وابستہ شخصیات، سعودی و پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور شائقینِ کرکٹ نے بڑی تعداد میں شرکت کی

الجبیل کرکٹ ایسوسی ایشن (JCA) کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب کا مقصد نہ صرف سابق قومی اسٹار عبدالرزاق کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا بلکہ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے لیے جاری کوششوں کو بھی اجاگر کرنا تھا

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے JCA کے صدر معاذ منیر نے کہا کہ الجبیل میں پاکستانیوں سمیت مختلف ایشیائی ممالک سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اسی صلاحیت کو نکھارنے کے لیے ایسوسی ایشن باقاعدگی سے کرکٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد، جدید سہولیات کی فراہمی اور کھلاڑیوں کی فٹنس پر خصوصی توجہ دے رہی ہے

انہوں نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کی رہنمائی کے لیے پاکستان کے نامور کھلاڑیوں کو مدعو کرنے کی روایت بھی برقرار ہے اب تک شعیب اختر، جاوید میانداد، ثقلین مشتاق، محمد یوسف اور ثناء میر جیسے عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز الجبیل آ کر نوجوانوں کی تربیت اور حوصلہ افزائی کر چکے ہیں، جبکہ عبدالرزاق بھی پاکستان کا قیمتی اثاثہ اور نوجوان نسل کے لیے ایک بہترین رول ماڈل ہیں

سابق قومی آل راؤنڈر عبدالرزاق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الجبیل میں کرکٹ جس تیزی سے ترقی کر رہی ہے، وہ انتہائی خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور سعودی کرکٹ فیڈریشن کے درمیان تعاون کے بعد سعودی عرب میں بین الاقوامی معیار کی کرکٹ کے انعقاد کی راہ ہموار ہوگی، جس سے مقامی ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور عالمی سطح تک پہنچنے کے مزید مواقع حاصل ہوں گے

تقریب سے JCA کے میڈیا اینڈ ایونٹ منیجر احمد اعجاز، عمران شفیع اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہا

تقریب کے اختتام پر سابق قومی اسٹار عبدالرزاق کے اعزاز میں خصوصی کیک کاٹا گیا۔

مزید خبریں