اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سوشل میڈیا پر دنیا کے مختلف ممالک کے سب سے مشہور کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ وائرل ہو گئی۔ جس پر صارفین کی جانب سے اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں پر دلچسپ بحث جاری ہے۔
کھلاڑیوں کی فہرست معروف شماریاتی پلیٹ فارم ورلڈ آف اسٹیٹسٹکس کی جانب سے شیئر کی گئی۔ جس میں دنیا بھر کے عظیم اور بااثر اسپورٹس اسٹارز کو شامل کیا گیا ہے۔ فہرست میں پاکستان سے شامل نام نے خاص طور پر صارفین کی توجہ حاصل کر لی۔
رینکنگ کے مطابق سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ کرکٹر عمران خان کو پاکستان کا سب سے مشہور کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ فہرست میں ان کا نام امریکا کے مائیکل جارڈن، ارجنٹائن کے لیونل میسی، پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو، بھارت کے سچن ٹنڈولکر اور سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر جیسے عالمی اسپورٹس آئیکونز کے ساتھ شامل کیا گیا۔
عمران خان کی اس فہرست میں شمولیت ان کے کھیلوں میں دیرپا اثرات اور عالمی پہچان کی عکاس ہے۔ انہوں نے 1992 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی قیادت کرتے ہوئے تاریخی فتح دلائی۔ اور انہیں ملک کے عظیم ترین کرکٹرز میں شمار کیا جاتا ہے۔
کھیل کے بعد سیاست میں ان کا نمایاں کردار بھی ان کی عالمی شناخت کو مزید تقویت دیتا ہے۔


یہ فہرست مختلف براعظموں اور کھیلوں پر مشتمل ہے۔ جس میں ایسے کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں جن کا اثر محض اعداد و شمار تک محدود نہیں بلکہ ثقافتی اثرات اور عالمی شہرت تک پھیلا ہوا ہے۔
برازیل کے لیجنڈ پیلے سے لے کر جدید دور کے ٹینس اور فٹبال اسٹارز تک، رینکنگ نے مقبولیت، کامیابیوں اور عالمی رسائی جیسے معیارات پر نئی بحث چھیڑ دی۔
برطانیہ میں 16 سال سے کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا پابندی کی تجویز، باضابطہ مشاورت کا آغاز کردیا گیا
پاکستانی سوشل میڈیا پر اس رینکنگ پر ملے جلے ردعمل سامنے آئے ہیں۔ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ عمران خان کی عالمی شہرت آج بھی کئی موجودہ کھلاڑیوں سے زیادہ ہے۔ جبکہ کچھ افراد کے مطابق موجودہ دور کے کرکٹرز اس اعزاز کے زیادہ حقدار تھے۔











