منگل,  11 نومبر 2025ء
پاکستان نے پہلے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دے دی

راولپنڈی (محمد زاہد خان) پاکستان نے پہلے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ون ڈے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد مہمان سری لنکن ٹیم کو 6رنز سے شکست دیدی اورسیریز میں 1-0 سے برتری حاصل کرلی، گرین شرٹس کے299رنز کے جواب میں مہمان ٹیم 293سکوربنا سکی۔ پاکستان کے سلمان علی آغا ناقابل شکست 105رنز کی فاتح اننگز پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں سری لنکا کے کپتان چاریتھ اسالنکانے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی،پاکستان کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ ایک بار ناکام رہی تاہم مڈل آرڈربیٹرز نے شاندار کھیل کامظاہرہ کیا،پانچویں وکٹ کی شراکت میں سلمان آغا اور حسین طلعت نے 138رنز بنائے، سلمان آغا نے ناقابل شکست شاندار سنچری جبکہ حسین طلعت نے نصف سنچری سکور کی اور سری لنکا کو جیتنے کیلئے 300سکور کا ہدف دیا۔ گرین شرٹس کو پانچویں اوور کی پہلی گیند پرپہلا نقصان اٹھانا پڑا، صائم ایوب 14کے مجموعی سکور پر صرف 6رنز بنا کراسیتھا فرننڈو کی بال ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے، اس کے بعد فخرزمان اور بابراعظم انتہائی سست روی سے بیٹنگ کرنے لگے ، ١ٹھارہویں اوور کی پانچویں گیند پر فخرزمان 68کے سکور پر 55 گیندوں پر 2چوکوں اورایک چھکے کی مدد سے 32رنز بنا کر ونندوہاسارنگا کی بال پر کوسال مینڈس کے ہاتھوں سٹمپ آئوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد بیسویں اوور میں محمدرضوان کو 76کے مجموعی سکور پر صرف 5رنز بنا کر ونندو ہاسارنگا نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کردیا، چوبیسویں اوور میں بابراعظم کو بھی 95کے مجموعی سکور پر ونندوہاسارنگانے بولڈ کردیا انہوں نے 51گیندوں 3چوکوں کی مدد سے 29سکورکیا۔ ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد سلمان علی آغا اور حسین طلعت نے انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کامظاہرہ کرتے ہوئے سکور کو تیزی سے آگے بڑھایا ، پانچویں وکٹ کی شراکت میں138رنز بنے، حسین طلعت 233کے مجموعی سکور پر 6چوکوں اورایک چھکے کی مدد سے 63گیندوں پر 62رنز کی شاندار اننگز کھیل کر تھیکشانا کی بال پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔اس کے بعد محمدنواز نے بھی سلمان آغا کابھرپور ساتھ دیا اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں 66 رنز بنے۔ سلمان آغا 105اور محمدنواز 38رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے، اس طرح گرین شرٹس نے 5وکٹوں کے نقصان پر مجموعی طور پر 299سکور کیااور مہمان ٹیم کو 300رنز کا ہدف دیا۔سری لنکا کے ونندوہاسارنگا کے تین جبکہ اسیتھا فرننڈو اور تھیکشانا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ سری لنکا کی جانب سے پاتھم نسانکا اور کامل مشرا نے اننگزکا آغاز بڑے اعتماد اورجارحانہ انداز سے کیا اور سکور کو تیزی سے آگے بڑھایا تاہم بارہویں اوور کی چوتھی گیند پر کامل مشرا 38رنز بنا کر حارث رئوف کی بال پرکپتان شاہین آفریدی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، اس وقت سری لنکا کا مجموعی سکور85تھا، اگلی ہی گیند پر حارث رئوف نے نئے آنیوالے بلے باز کوسال مینڈس کو کلین بولڈ کردیا۔ چودہویں اوور کی دوسری گیند پر پاتھم نسانکا بھی 90کے مجموعی سکور پر 29رنز بنا کرحارث رئوف کی گیند پر ہی محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ستائیسویں اوور کی چوتھی بال پر 147کے مجموعی سکور پر سدیراسماراوکرما 39رنز بنا کر حارث رئوف کی گیند پربابراعظم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ سری لنکا کی پانچویں وکٹ بتیسویں اوور کی پانچویں گیند اور183کے مجموعی سکور پرگری جب کپتان چاریتھ اسالنکا 32رنز بنا کر محمدنواز کی گیند پر محمدرضوان کے ہاتھوں سٹمپ آئوٹ ہوگئے۔ چھٹی وکٹ 191رنز پر گری،جینتھ لیانگے کو 28رنزپر نسیم شاہ نے بولڈ کردیا۔ 210کے سکور پر کمندومینڈس 9رنز بنا کر فہیم اشرف کی بال پر بولڈ پوگئیدشمنتھا چمیرا247کے مجموعی سکور پر7رنز بنا کرفہیم اشرف کے ہاتھوں کاٹ اینڈبولڈہوگئے۔انچاسویں اوور کی چوتھی گیند پر جارحانہ 59رنز بنانیوالے ونندوہاسارنگا کو 279کے مجموعی سکور پر نسیم شاہ نے بابراعظم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کرادیا۔سری لنکا نے مقررہ 50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 293سکور کیا، اس طرح پاکستان یہ میچ 6رنز سے جیت گیا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں ڈریم فیسٹ 2025 کا فٹبال میچ شاندار انداز میں اختتام پذیر، سیلیبرٹیز اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ

مزید خبریں