منگل,  29 جولائی 2025ء
’’ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرا‘‘، گنگولی نے کیا کہا؟

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز ) ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کی بھارتی حلقوں سے مخالفت سامنے آ رہی ہے سابق انڈین کپتان سارو گنگولی نے بھی اس پر لب کشائی کر دی۔

ایشیا کپ 2025 کے شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد بھارت میں ہنگامہ مچا ہوا ہے اور کھیل کو تعصب کی عینک سے دیکھنے والے انتہا پسند پاک بھارت ٹاکرے کی مخالفت میں کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔

ایسے میں سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی کا اس بڑے مقابلے سے متعلق اہم بیان سامنے آیا ہے اور انہوں نے ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کی حمایت کر دی ہے۔

سارو گنگولی نے کہا کہ ہم دہشتگردی کے خلاف ہیں، لیکن کھیلوں کا سلسلہ نہیں رکنا چاہیے۔ کھیل کو جاری رہنا چاہیے۔

سابق بھارتی کپتان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کا ایک ہی گروپ میں ہونا ٹھیک ہے اور مجھے انڈیا کے ایشیا کپ میں پاکستان سے کھیلنے پر کوئی مسئلہ نظر نہیں آتا۔

واضح رہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے ٹیم انڈیا کو پاکستان سے کھیلنے کی اجازت ملنے کے بعد گزشتپ روز ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے ایشیا کپ 2025 کے شیڈول کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں: لاہور میں بارش کے بعد سڑکیں زیرِ آب، پی پی پی رہنما سحر کامران کی تنقید

ٹورنامنٹ کا میزبان   بھارت ہے۔ تاہم پاک بھارت معاہدے کے تحت یہ ایونٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت یو اے ای میں 9 سے 28 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔

ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے اور ٹورنامنٹ میں پہلی بار 8 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں اور راؤنڈ میچ کے بعد سپر فور مرحلے میں ہر ٹیم کو تین تین میچز کھیلنے کا موقع ملے گا۔ دو ٹاپ ٹیمیں 28 ستمبر کو فائنل میں ٹکرائیں گی۔

ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 14 ستمبر کو ہوگا، دونوں روایتی حریف ایک ہی گروپ میں شامل ہیں، دونوں کا سپر 4 میں بھی ایک دوسرے سے مقابلہ ہوگا اور اگر کوالیفائی کیا تو پھر پاکستان اور بھارت تیسری مرتبہ فائنل میں بھی ایک دوسرے کے مدمقابل آسکتے ہیں۔

مزید خبریں