منگل,  16 اپریل 2024ء
بالی ووڈ کی ایک اور مشہور ہستی نے خودکشی کرلی

ممبئی(شوبز ڈیسک) بالی ووڈ سے تعلق رکھنے والی معروف گلوکارہ اور اداکارہ ملیکا راجپوت نے مبینہ طور پر خود کو پھندا لگا کر خودکشی کرلی ہے۔ ان کی لاش ان کے کمرے میں پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی تھی۔

ملیکا راجپوت، کنگنا رناوت جیسی ٹاپ اداکارہ کے ساتھ کام کرچکی ہیں۔ ان کے لاکھوں مداح حیران اور مایوس ہیں، جبکہ اداکارہ کے قریبی افراد کا رو رو کر برا حال ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس نے ملیکا کی لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور تمام زاویوں سے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

ملیکا راجپوت نے کنگنا رناوت کی فلم ”ریوالور رانی“ میں معاون کردار ادا کیا تھا۔ وہ گلوکار شان کے میوزک البم میں بھی نظر آئی تھیں، جس کی وجہ سے وہ کافی مقبول ہوئی تھیں۔

انہوں نے البم ”یار تجھ سے“ میں اپنے کام سے لوگوں اور فلمی شخصیات کی توجہ حاصل کی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے بعد میں کئی سیریز، شوز اور البمز میں کام کیا، اور لوگ ان کی صلاحیتوں سے کافی متاثر تھے۔

مزید پڑھیں:پروڈیوسرز کو دھمکیاں،معروف گلوکار عاطف اسلم کی بالی ووڈ میں واپسی پھر سے اگر مگر کا شکار

ملیکا راجپوت کا سیاست میں بھی عمل دخل تھا۔ وہ بی جے پی پارٹی کا حصہ تھیں، حالانکہ انہوں نے پارٹی پر عصمت دری کرنے والوں کی حمایت کا الزام لگا کر خود کو اس سے الگ کر لیا تھا۔

جب سنیما کے بعد سیاست میں ان کا کریئر آگے نہیں بڑھا تو ان کے قدم روحانیت کی طرف بڑھ گئے۔

ملیکا راجپوت کے المناک انجام نے سبھی کو چونکا دیا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کا دعویٰ ہے کہ اداکارہ کا اپنے اہل خانہ سے کسی وجہ سے جھگڑا تھا جو کہ پولیس کی مداخلت کے بعد حل ہو گیا تھا، اسی لیے اداکارہ کی اچانک موت نے لوگوں کے ذہنوں میں کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News