بدھ,  30 اکتوبر 2024ء
اننت امبانی کی شادی میں دعوت نامے کے بغیر گھسنے کی کوشش پر یوٹیوبر سمیت 2 افراد گرفتار

ممبئی (روشن پاکستان نیوز)بھارتی شہر ممبئی کی پولیس نے کھرب پتی بزنس مین مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی میں دعوت نامے کے بغیر گھسنے کی کوشش کرنے پر یوٹیوبر سمیت 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی جمعے کو شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے تاہم شادی کی تقریبات آج بھی جاری رہیں گی جن میں اہم شخصیات نے شرکت کرنی ہے۔

شادی اور اس کے بعد کی تقریبات میں دنیا بھر سے معروف شخصیات نے شرکت کی جن میں سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر، سامسنگ کے چیئرمین لی جائے ینگ بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی گزشتہ روز تقریب میں شریک ہوئے تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی میں شادی کے مقام سے 2 افراد کو دعوت نامے کے بغیر شادی میں گھسنے کی کوشش پر گرفتار کرلیا گیا۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ گرفتار افراد آندھرا پردیش سے ممبئی پہنچے تھے جن میں سے ایک یوٹیوبر اور دوسرا خود کو بزنس مین بتاتا ہے۔

ممبئی پولیس نے دونوں کو گرفتار کرکے الگ الگ مقدمات درج کرلیے۔ بعدازاں ممبئی پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد دونوں کو رہا بھی کردیا۔

مزید خبریں