اتوار,  06 اکتوبر 2024ء
میوزیکل تھئیٹر، ڈانس ڈرامہ “می رقصم” اور محفلِ سماع پی این سی اے میں پیش کیے گئے

اسلام آباد(سدھیر کیانی) ریڈ میڈیا سرکل اور شاکر سمراٹ آرٹ اکیڈمی کے زیر اہتمام پی این سی اے کے اشتراک سے صوفی اِظم پر مبنی میوزیکل ڈرامہ “می رقصم” پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں پیش کیا گیا، پروگرام میں سندھ بینک اور وہ پاور کا خاص تعاون رہا اس ڈرامے کے ہدایتکار اسلم پھلروان، ڈانس ڈائریکٹر حیدر چودھری جبکہ اس کے لکھاری محمد مقصود تھے، اس ڈرامے کو دیکھنے کیلئے پی این سی ہال شائقین سے بھرا ہوا تھا۔

جبکہ سیٹوں پر جگہ نہ ہونے کے باعث شائقین کی ایک بڑی تعداد نے یہ پروگرام سیڑیوں پر بیٹھ کراور کھڑے ہو کر دیکھا، آڈیٹوریم کے ساتھ ساتھ باہر روڈ پر بھی تل دھرنے کو جگا نہ بچی.پروگرام دیکھنے کیلئے غیر ملکی سفراء، میوزک، ڈرامہ، صوفی ازم اور تہذیب وثقافت سے محبت کرنے والے مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد ہال میں موجود تھی جنہوں نے فنکاروں کی جاندار پرفارمنس پر انہیں کھل کر داد دی اور شو کو بہت پسند کیا، اس ڈرامے میں 70 نوجوان فنکاروں نےحصہ لیاجن میں سے کچھ کا تعلق پی این سی اے سےتھا جبکہ باقی فنکار شاکر سمراٹ آرٹ اکیڈمی اور ریڈ میڈیا سرکل سے تعلق رکھتے تھے۔

یہ پروگرام دو حصوں پر مشتمل تھا پہلے حصے میں صوفی رقص اورصوفی کلام پر مبنی کھیل ” می رقصم” پیش کیاگیا جِس میں مولانا رومی، حضرتِ امیرخسرو، شاہ شمس تبریز، بابا بھلے شاہ، شاہ عبدل لطیف بھٹائی، حضرتِ شھباز قلندر ، حق باہو سرکار اور امام بری سرکار جیسے نامور صوفی بزرگوں کے صوفیانہ کلام پر مبنی تاریخ اور مُسلم کلچر کی مثبت پرفارمینس پیش کی گئی، جبکہ دوسرے حصے میں محفلِ سماع پیش کی گئی پروگرام کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاکر سمراٹ آرٹ اکیڈمی کے سربراہ شاکر سمراٹ، ریڈ میڈیا سرکل کے چیف ایگزیکٹو سادات چوہدری، ہدایتکاراسلم پھلروان، مصنف محمد مقصود اور وہ پاور کی ڈائریکٹر مس حمیرا نورین نےکہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد صوفیانہ کلاسیکل اور پاکستان کے تمام صوبوں کے ثقافتی رقص و موسیقی کو فروغ دینا اور پاکستان کا سوفٹ امیج اورمثبت چہرہ پوری دنیا میں د کھاناتھا۔

جس میں ہم کامیاب رہے ہیں اور اسلام آباد کے لوگوں نے اس پروگرام میں شرکت کرکے اس کو کامیاب بنانے میں بھر پور کردار ادا کیا ہے،انہوں نے مزید کہا کہپاکستان ایک مضبوط اور بھرپورکلچر سے لدا ہوا ملک ہے، یہ ابھی آغاز ہے اس پروگرام کی کامیابی کے بعد اسے مزید بڑے پیمانے پر دنیا بھر میں پیش کیا جائیگا اور اپنے ملک کا مثبت چہرہ دنیا کو دکھایا جائیگا ، اس موقع پر ڈرامہ دیکھنے آنے والے شائقین کا کہنا تھا کہ یہ ایک بھرپور ڈرامہ تھا جس پراس ڈرامے کے فنکار ،ہدایتکار اور لکھاری مبارکباد کے مستحق ہیں، ایسے اصلاحی ڈراموںکی معاشرے کو سخت ضرورت ہے، اس سلسلے کو مستقبل میں بھی جاری رہنا چاہیئے۔

مزید خبریں