جمعرات,  26 دسمبر 2024ء
فردین خان کی 14 سال بعد اداکاری کی دُنیا میں واپسی

ممبئی(روشن پاکستان نیوز) ماضی میں بالی ووڈ کو مقبول فلمیں دینے والے معروف اداکار فردین خان نے بالآخر 14 سال بعد اداکاری کی دُنیا میں واپسی کرلی۔

فردین خان نے فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کی ویب سیریز ‘ہیرا منڈی: دی ڈائمنڈ بازار’ سے اداکاری کی دنیا میں واپسی کی ہے، اداکاری کی واپسی کی خبر او ٹی ٹی پلیٹ فارم ‘نیٹ فلکس انڈیا’ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پر ایک پوسٹر کے ذریعے دی۔

پوسٹر میں فردین خان کو ولی محمد کے کردار میں دکھایا گیا ہے جوکہ وہ ویب سیریز ‘ہیرا منڈی: دی ڈائمنڈ بازار’ میں نبھائیں گے۔
فردین خان کی پہلی جھلک میں وہ ثقافتی شاہی لباس میں ملبوس ہیں، وہ چہرے پر بڑی مونچھوں اور سر پر ٹوپی پہنے تخت پر بیٹھے ہیں۔

نیٹ فلکس انڈیا نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ محبت اور فرض کی کشمکش میں گرفتار ولی محمد اپنی شاہی ذمہ داریوں سے اپنے دل کی خواہش کو پورا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

واضح رہے کہ ‘ہیرا منڈی: دی ڈائمنڈ بازار’ کو 1940 کے دور میں سیٹ کیا گیا ہے اور اس میں دربار والوں اور طوائفوں کے درمیان تعلقات پر کہانی کی بنیاد رکھی گئی ہے۔

ویب سیریز کی میگا کاسٹ میں سوناکشی سنہا، منیشا کوئرالہ، ادیتیہ راؤ حیدری، ریچا چڈھا، سنجیدا شیخ اور شرمین سیگل شامل ہیں۔

سنجے لیلا بھنسالی کی پہلی مہاکاوی، شاندار سیریز ‘ہیرامنڈی: دی ڈائمنڈ بازار’ یکم مئی کو صرف نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگی۔

مزید پڑھیں: رمضان المبارک میں اسلام قبول کیا ، چھ سال سے روزے رکھ رہا ہوں ،معروف بھارتی اداکار

خیال رہے کہ ‘ہیرا منڈی: دی ڈائمنڈ بازار’ سے قبل فردین خان آخری بار سال 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘دلہا مل گیا’ میں نظر آئے تھے۔

مزید خبریں