منگل,  10 دسمبر 2024ء
کے پی اسمبلی میں ہراسگی کا نشانہ بننے والی ثوبیہ شاہد کی نامزد وزیراعظم سے ملاقات
کے پی اسمبلی میں ہراسگی کا نشانہ بننے والی ثوبیہ شاہد کی نامزد وزیراعظم سے ملاقات

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)نامزد وزیراعظم پاکستان و صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف سے خیبرپختونخوا اسمبلی میں مسلم لیگ ن کی خاتون رکن ثوبیہ شاہد نے ملاقات کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ثوبیہ شاہد نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے سے شہباز شریف کو آگاہ کیا اور قانونی کارروائی میں تعاون کا بھی مطالبہ کیا۔ جبکہ اس موقع پر امیر مقام، سعد رفیق، عطا تارڑ اور دیگر بھی موجود تھے۔شہبازشریف نے مسلم لیگ (ن) کی ایم پی اے ثوبیہ شاہد کے ساتھ خیبرپختون خوا اسمبلی میں بدتہذیبی کی شدید مذمت کی ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں آپ کے ساتھ جو رویہ اپنایا گیا وہ انتہائی قابل مذمت ہے، قانون اس پر اپنا راستہ اپنائے گا، اور میں اس میں کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔شہباز شریف نے کہاکہ پوری پارٹی آپ کے ساتھ کھڑی ہے، نواز شریف نے بھی اس واقعے کی مذمت کی ہے اور آپ کو دعائیں دی ہیں۔

انہوں نے ثوبیہ شاہد کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے جس بہادری اور بردباری سے سب برداشت کیا ہم آپ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔شہباز شریف نے کہاکہ جتنے بھی ذی شعور لوگ ہیں انہوں نے اس کا برا منایا اور مذمت کی۔اس موقع پر ثوبیہ شاہد نے کہاکہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں میرے ساتھ جو کچھ ہوا یہ سب ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔ گیلری کے شیشے توڑ کر میرے اوپر پھینکے گئے۔’نواز شریف کے ساتھ کھڑے رہنے کا عزم کرتے ہوئے ثوبیہ شاہد کا کہنا تھا کہ میں نے اُس روز کہا تم لوگ جو مرضی کرو میں اس شخص کے لیے ایک ہی کافی ہوں‘۔

انہوں نے کہاکہ ان لوگوں نے جو گالم گلوچ کیا ہے میں اس کے خلاف لڑوں گی، آپ سب لوگ میرا ساتھ دیں۔واضح رہے کہ بدھ کو خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر جب ثوبیہ شاہد ہال میں داخل ہوئیں تو انہوں نے مہمانوں کی گیلری میں بیٹھے ورکرز کو گھڑی دِکھائی جس سے وہ جذباتی ہو گئے اور نعرہ بازی شروع کر دی۔پی ٹی آئی کے کارکنوں نے گیلری سے ایوان میں ثوبیہ شاہد پر لوٹا اور جوتا بھی دے مارا۔ اور جمعرات کے اجلاس میں بھی یہی صورت حال رہی۔اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے موقع پر ثوبیہ شاہد ووٹ ڈالنے آئیں تو دوبارہ نعرہ بازی شروع ہو گئی اور ان پر جوتا پھینکا گیا۔ ثوبیہ شاہد علی امین گنڈاپور کے پاس گئیں اور انہیں معاملہ ٹھنڈے کرنے کے لیے مداخلت کے لیے کہا۔

مزید پڑھیں: قائدایوان کےانتخاب کیلئےقومی اسمبلی کااجلاس کل ہوگا

ثوبیہ شاہد کا تعلق خیبر پختونخوا کے مالاکنڈ ڈویژن ہے۔ جبکہ ان کا سسرال پاڑا چنار میں ہے۔ ان کے قریبی حلقوں کے مطابق ثوبیہ شاہد کاروباری خاتون ہیں اور ان کی تعمیراتی کمپنی ہے۔ جبکہ ن لیگ میں ان کو دبنگ لیڈی کہا جاتا ہے۔

مزید خبریں