اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے ایرانی سفارتخانے اسلام آباد میں منعقدہ ایک پُر وقار تقریب میں شرکت کی، جہاں حزب اللہ کے عظیم رہنما سید حسن نصراللہ کی پہلی برسی کے موقع پر ان کی شہادت کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
سحر کامران نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ تقریب 27 ستمبر 2024 کو صیہونی جارحیت کا نشانہ بننے والے شہید سید حسن نصراللہ کی جرات و بہادری کو یاد کرنے کے لیے منعقد کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس موقع پر فلسطین کے ان جانباز شہداء کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے مسجد اقصیٰ اور اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
سحر کامران نے سید حسن نصراللہ کو ایک ایسی شخصیت قرار دیا جنہوں نے مظلوموں کی آزادی، ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے، اور قابض قوتوں کے خلاف جدوجہد میں اپنی پوری زندگی وقف کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید کی آواز ہمیشہ ظلم کے خلاف گونجتی رہے گی اور دنیا بھر کے مظلوموں کے لیے مزاحمت کی علامت بنی رہے گی۔
مزید پڑھیں: صدر زرداری کا دورۂ چین پاک چین دوستی کا نیا سنگِ میل ہے، سحر کامران