بدھ,  12 فروری 2025ء
پی ٹی آئی کارکن قیمے والے نان یا بریانی کے لیے نہیں بلکہ پارٹی کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں، صنم جاوید کا دبنگ بیان

لاہور(روشن پاکستان نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما صنم جاوید نے 8 فروری کے موقع پر لاہور میں احتجاج کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ پورا لاہور، پورا پنجاب اور پورا پاکستان ہمارا ہے، لیکن اگر پنجاب حکومت کو ڈر نہ ہوتا تو ہمیں جلسہ کرنے کی اجازت دی جاتی۔

صحافی کے سوال کہ احتجاج میں لوگ کتنے پیسوں پر لائے گئے، صنم جاوید نے دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ “ہمارے کارکن قیمے والے نان یا بریانی پر نہیں آتے، بلکہ نظریے کی بنیاد پر ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہماری جماعت کی یہی خصوصیت ہے کہ لوگ بغیر کسی ذاتی مفاد کے ہمارے ساتھ جُڑے ہیں۔”

مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے حوالے سے ایک سوال پر صنم جاوید نے کہا کہ “ہمیں سوتیلی ماں کی ضرورت نہیں، وہ بچہ کھانے والی ڈائن ہے، وہ ماں نہیں۔ بیس کیمرے لگا کر فوٹو شوٹ کرانے سے کوئی ماں نہیں بن سکتا۔ اگر مریم نواز کو ماں بہنوں کا خیال ہوتا، تو وہ ان کے گھروں پر چھاپے نہ پڑنے دیتیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ “ہم پرامن احتجاج کر رہے ہیں، جو کہ ایک جمہوری حق ہے۔ اس قوم کو جاگنے میں 75 سال لگے ہیں، اب دوبارہ سونے نہ دینا! پہلی مرتبہ ہم نے اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے اور اب ہم مقابلہ کریں گے، ہاریں گے نہیں۔”

پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران کارکنوں کا جوش و خروش قابلِ دید تھا، جبکہ پولیس اور انتظامیہ نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے تھے۔

مزید پڑھیں: اگر ہم نے بدلہ لینے کا سوچ لیا تو تم برداشت نہیں کرسکو گے: علی امین کا صوابی جلسے سے خطاب

مزید خبریں