منگل,  04 فروری 2025ء
گرینڈ اپوزیشن الائنس کا حکومت سے مستعفی ہوکر نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے ملک میں فوری نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی رہائش گاہ پر اپوزیشن جماعتوں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسد قیصر کی دعوت پر اپوزیشن کا اتحاد یہاں آیا ہے اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کا موقف ہے کہ 8 فروری کا الیکشن دھاندلی زدہ تھا اور یہ عوامی مینڈیٹ نہیں تھا۔

مولانا فضل الرحمان نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن نے منصفانہ انتخابات نہیں کرائے اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر مستعفی ہو کر نئے انتخابات کا اعلان کرے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی آئینی مدت مکمل ہو چکی ہے اور نئی تعیناتی کے لیے مشاورت کی جانی چاہیے۔

سربراہ جے یو آئی نے مزید کہا کہ جو افراد عوامی مینڈیٹ نہیں رکھتے، انہیں اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے اور ان کے خلاف مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے بھی اجلاس کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے، اس پر تمام جماعتوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی ہو اور اس کے لیے جدوجہد جاری رکھنی ہوگی۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت زبردستی عوام پر مسلط کی گئی ہے اور نئے انتخابات ہی ملک کو دہشت گردی اور دیگر بحرانوں سے نکالنے کا حل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی معاملات پر بھی گفتگو کی اور مطالبہ کیا کہ سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے اور پی کا جیسے کالے قانون کا خاتمہ کیا جائے۔

مزید پڑھیں: عمران خان سے تینوں بہنوں اور وکلا کی جیل میں ملاقاتیں، بشریٰ بی بی سے ملاقات نہیں کرائی گئی

اس موقع پر اپوزیشن نے گرینڈ الائنس بنانے کی تیاری بھی کر لی ہے۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی رہائش گاہ پر جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور محمود خان اچکزئی کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ اس اجلاس میں مولانا فضل الرحمان، محمود خان اچکزئی، شاہد خاقان عباسی، مصطفیٰ نواز کھوکر، عمر ایوب، شبلی فراز اور اسد قیصر سمیت اپوزیشن کے متعدد رہنما موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔

مزید خبریں