اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا کابینہ میں نہ بیٹھنا خطرہ ہے، کبھی بھی حکومت گرا سکے گی۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایک دو کو چھوڑ کر تمام انتخابات متنازع ہوئے، اس الیکشن میں بھی ہمارے تحفظات ہیں۔ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے نتائج پر خاموش ہے، کوئی دھاندلی کا شور نہیں۔ حکومت سازی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار بنایا کیونکہ وہ دوسری پارٹیوں سے ڈیل کرنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔
نواز شریف قائد ہیں ان کا حکم فائنل ہوگا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا کابینہ میں نہ بیٹھنا حکومت کے لیے رسک ہوگا۔ وہ کسی بھی وقت حکومت کے قدموں تلے سے قالین کھینچ سکے گی۔ بلاول بھٹو شہبازشریف اور پی ڈی ایم حکومت کو بھی ٹارگٹ کرتے رہے۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ خطرہ ہر وقت موجود رہے گا کہ پیپلز پارٹی کسی بھی وقت اپنا سپورٹ واپس لے سکتی ہے۔
مزید پڑھیں:حماد اظہر سمیت پی ٹی آئی کے 7 رہنماؤں کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم
اس خطرے کو کور کرنے کے لیے ن لیگ قیادت نے پیپلز پارٹی سے کیا بات کی ہے، مجھے نہیں معلوم۔ لیگی رہنما نے مزید کہا کہ بعض شہروں میں 87 فیصد بجلی چوری ہوتی ہے، ان حالات میں گیس، بجلی اور پیٹرول مہنگا کرنا پڑے گا۔ چوری بند کردیں تو گیس، بجلی سستی ہوجائے گی۔