هفته,  12 اکتوبر 2024ء
سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کو سزا ہونے پر ہم نے مٹھائی نہیں بانٹی ۔مصدق ملک

لاہور( روشن پاکستان نیوز)مسلم لیگ ن کےمرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ کو سزا ہونے پر ہمیں کوئی خوشی نہیں، ن لیگ نے کبھی کسی کے دکھ پر جشن نہیں منایا۔

انہوں نے ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ کو سزا ہونے پر ہم نے کوئی مٹھائی نہیں بانٹی، یہ فیصلہ تو ایک عدالت کا ہے کسی پارٹی کا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ آج انہیں سزا ہوئی تو جج محمد بشیر پر تنقید ہو رہی ہے، دوسروں کو سزا ہوئی تو جج محمد بشیر کو مرد مومن کہا گیا، نوازشریف کیخلاف مقدمات میں سپریم کورٹ کو ہی ایک ٹرائل کورٹ بنا دیا گیا تھا،ان کیخلاف کیسز میں سپریم کورٹ کے کوئی جج بھی نگرانی کیلئے نہیں لگائے گئے، نوازشریف کے 2 وکیل تھے اور وہ ہی سارے کیسز لڑے۔

مصدق ملک کا مزید کہنا تھا کہ پہلا فیصلہ یہ ہے آپ نے توشہ خانہ کے تحائف اثاثوں میں ظاہر ہی نہیں کئے، 3 ارب 15 کروڑ کی چیز 2 کروڑ کی ڈیکلیئر کر کے 90 لاکھ میں خرید لی، ہمیں جو بھی تحائف ملے وہ توشہ خانہ میں پڑے ہیں، آپ کیخلاف فیصلے میں کوئی جھول ہے تو عدالتیں موجود ہیں۔سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جب نوازشریف کی زوجہ ہسپتال میں زیر علاج تھیں تو آپ لوگ کہتے تھے کہ یہ مذاق کر رہی ہیں، کسی کی ماں، بیٹی اور بہن کی عزت صرف ہم پر فرض ہے کیا آپ پر نہیں؟ نیا پاکستان اور پرانا پاکستان نہیں بھائی صرف ایک پاکستان ہے۔

مزید خبریں